این اے 122ضمنی انتخابات میں شرافت اورناجائز دولت کا مقابلہ ہے، راجہ محمد فاروق حیدر

بدھ 7 اکتوبر 2015 16:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء) مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کے صدر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہNA-122کے ضمنی انتخاب میں شرافت اور ناجائز دولت کا مقابلہ ہے ایک طرف اقدار اور رواداری کی سیاست ہے تو دوسری جانب کم ظرفی اور بہتا ن تراشی کی بھرمارہے اگر آپ اپنے بچوں کو ایک خوش حال ، محفوظ اور روشن مستقبل دینا چاہتے ہیں تو میاں محمد نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کریں اور مسلم لیگ(ن) کے امیدوارسردار ایاز صادق کو ایک بار پھر بھاری اکثریت سے کامیاب کروا کر اسمبلی میں بھیجیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کے زیر اہتمام NA-122کے ضمنی انتخاب کے سلسلہ میں منعقدہ مختلف انتخابی میٹنگزسے خطاب کے دوران کیا۔ انتخابی میٹنگز سے وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق، وزیر مملکت عابد شیر علی، سینیٹر سلیم ضیا، عبدالطیف چغتائی، بلال بٹ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ممبرا سمبلی سیّد شوکت علی شاہ ،سابق وزیر حکومت چوہدری رخسار احمد خان، سردار عبدالخالق وصی#،راجہ رزاق،کرنل(ر) وقار احمد نور، ذوالفقار علی ملک،عبدالطیف چغتائی، غلام عباس میر،محترمہ زرقا جاوید، راجہ سعید، اعجاز رضا،راجہ شیرزمان ایڈووکیٹ،شہزاد احمد راجہ، بلال بٹ،راجہ رضوان قیوم اور عوام حلقہ NA-122 اور مہاجرین جموں وکشمیر مقیم لاہور کی بہت بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

راجہ محمد فاروق حید ر خان نے کہا کہ عمران خان ضمنی انتخاب میں اپنے امیدوار کی واضح شکست دیکھ کر حسب سابق انہوں نے ابھی سے دھاندلی کا رونا شروع کر دیا ہے۔راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ یہ جمہوریت کا حسن ہوتا ہے کہ اپنے خلاف آنے والے فیصلوں کو بھی کھلے دل سے قبول کرنا چاہیے لیکن عمران خان کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ وہ کبھی بھی اپنے خلاف عوامی فیصلوں کو قبول نہیں کرتے عمران خان دھرنوں کے ذریعے ایک منتخب جمہوری حکومت کو ڈی ریل کرنے کی ساز ش کی اور ملک وقوم کا قیمتی وقت ضائع اور معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ۔

انہون نے کہا کہ اور عام انتخابات کے بعد میں ہونے والے ضمنی انتخابات، کنٹونمنٹ بورڈ اور گلگت و بلستستان کے انتخاب میں عوام نے میاں محمد نواز شریف اور مسلم لیگ(ن) کی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مہاجرین جموں وکشمیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا میاں محمد نواز شریف کشمیریوں کے محسن ہیں اور سردار ایاز صادق نے اپنی اسپیکر شپ کے دوران کشمیری قوم سے گہری محبت کے ثبوت دیتے ہوئے دولت مشترکہ کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی اسمبلی کے اسپیکر کی شرکت کے ایشو پر کانفرنس کی میزبانی قربان کرد ی لیکن مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موٴقف پر آنچ نہیں آنے دی۔

انہو ں نے کہا کہ وقت آگیا ہے LA-122میں بسنے والے تمام کشمیری ثابت کریں کہ کشمیری قوم احسان فراموش نہیں اور مسلم لیگی امیدوار کی کامیابی کیلئے دن رات ایک کر دیں ۔ انہوں نے کہا 11اکتو بر کو عوام اپنے ضمیر کی آواز اور اپنی ضرورتوں کوووٹ دیں اگر آپ ملک سے دہشت گردی، لوڈشیڈنگ ، بیرو زگاری کا خاتمہ چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ اس ملک میں ہمارے بچوں کا مستقبل محفوظ ہو ، ہر طرف خوشحالی ہو اور ملکی معیشت ترقی کرے تو آپ مسلم لیگ(ن) کو ووٹ دیں کیونکہ میاں محمد نواز شریف واحد قومی راہنما ہیں جو اس ملک و قوم کو مایوسیوں سے چھٹکار دلوا کر کامیابی و کامرانی کی پٹری پر لا سکتے ہیں۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ عوام11اکتوبر سورج مسلم لیگ(ن) کی ایک اور کامیابی کا دن ہوگا اور انشاء اللہ سردار ایاز صادق اور محسن لطیف ایک بار پھر عوامی عدالت میں سرخرو ہونگے۔