پولیس ، حساس اداروں کا اسلام گڑھ، چکسواری میں غیر قانونی رہائش پذیر افغان مہاجرین، کاروبا ر کرنیوالوں کیخلاف گرینڈ آپریشن

بدھ 7 اکتوبر 2015 16:54

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 07 اکتوبر۔2015ء)نیشنل ایکشن پلان کی ریجنل کمیٹی کی ہدایات اور حساس اداروں کی نشاندہی پراسسٹنٹ کمشنرراجہ قیصراورنگزیب خان نے پولیس اور حساس اداروں کے نمائندگان کے ہمراہ اسلام گڑھ اور چکسواری میں غیر قانونی رہائش پذیرافغان مہاجرین اور کاروبار کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا۔جس میں متعدد غیررجسٹرڈ افغان مہاجرین کی دوکانیں سیل کر دی اس طرح غیر رجسٹر کرنسی ایکسچینج کے کاروبار کرنے والوں کے بھی کئی دفاتر سیل کر دئیے ۔

یہ اقدامات نیشنل ایکشن پلان کی ریجنل کمیٹی کی ہدایات پر اٹھائے گے جن کا مقصد قانون و قاعدے کی عملداری کو یقینی بنانا ہے اور ریاست کی بالادستی کو قائم رکھنا ہے ۔تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنرراجہ قیصراورنگزیب نے بدھ کے روز اسلام گڑھ اور چکسواری میں پولیس اور حساس اداروں کے نمائندگان کے ہمراہ اچانک چھاپے مارے اورچھاپوں کے دوران غیرقانونی رہائش پذیر افغان باشندگان کے کاروباری مراکزاور دوکانوں کو سیل کر دیا گیا اور غیرقانونی رہائش پذیر افغان باشندگان کو حوالات میں بند کردیا گیا۔

(جاری ہے)

اسلام گڑھ میں فروز دین قابلی سپیئرپارٹس ، بسم اللہ موٹرز، عثمان کلاتھ ہاؤس اور رضاخان الیکٹرانک کی دوکانے سیل کردی گئیں جبکہ چکسواری میں حاجی شاہ محمدکلاتھ ہاؤس، امجدکلاتھ ہاؤس، فضل الرحمان کلاتھ ہاؤس، ہاشم خان جنرل سٹوراینڈ گارمنٹس، الحبیب کلاتھ ہاؤس، الجنت کلاتھ ہاؤس، عظیم گارمنٹس، احسان ڈرائی فروٹ، ظاہرخان ڈرائی فروٹ،اسمعیل کلاتھ ہاؤس، الحبیب ریڑھی بان،خان الیکٹرک سٹور، متین خان پنسان جنرل سٹور، خاورجیولرز، امیرخان کلاتھ ہاؤس اور عثمان کلاتھ ہاؤس سیل کردیئے جبکہ کئی غیرقانونی رہائش پذیرافغان باشندگان کوحوالات میں بند کردیاگیااور ان کے خلاف ضابطہ کی کارروائی شروع کردی۔

اس طرح غیررجسٹرڈ کرنسی ایکسچینج کے کاروبارکرنے والے کئی دفاتربھی سیل کردیئے گئے جن کے پاس نہ تو اسٹیٹ بنک آف پاکستان کا لائسنس تھااورنہ ہی انھوں نے تاوقت کرنسی ایکسچینج کے لیے اسٹیٹ بنک سے لائسنس / رجسٹریشن کے لیے اپلائی کیاتھا۔ اس موقع پرعوام الناس سے بات چیت کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنرراجہ قیصراورنگزیب نے کہاکہ یہ اقدام نیشنل ایکشن پلان کے سلسلے میں اٹھائے گئے ہیں جن کا مقصد ملک اور قوم کے وسیع ترمفاد اور سلامتی کے ساتھ ساتھ عوا م الناس کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنانااور قانون و قاعدے کی عملداری کے ساتھ ساتھ ریاست کی بالادستی قائم کرناہے۔