اکتوبر 2005ء کا زلزلہ ایک بڑا قومی سانحہ تھا جس کی اداسیوں کے سائے آج بھی ہمارے دلوں پر نقش ہیں، منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ کا زلزلے کے 10 سال مکمل ہونے کے حوالے سے تقریب سے خطاب

جمعرات 8 اکتوبر 2015 20:29

مظفر آباد ۔ 8 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 08 اکتوبر۔2015ء) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ نے کہا ہے کہ اکتوبر 2005ء کا زلزلہ ایک بڑا قومی سانحہ تھا جس کی اداسیوں کے سائے آج بھی ہمارے دلوں پر نقش ہیں۔ وہ مظفر آباد میں سال 2005ء میں آنے والے زلزلے کے 10 سال مکمل ہونے کے حوالے سے خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر سابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ 2005ء کے زلزلہ متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ اس تقریب میں علاقے کی نامور سماجی و سیاسی شخصیات کے علاوہ زلزلہ متاثرین کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے پاکستان بیت المال کے پلیٹ فارم سے وفاقی حکومت کے ان اقدامات کو سراہا جن کی مدد سے متاثرین کی ہر ممکن امداد کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم ڈی پاکستان بیت المال بیرسٹر عابد وحید شیخ نے کہا کہ قوموں کی زندگیوں میں اس طرح کی آزمائشیں آتی ہیں مگر مہذب، بہادر اور باوقار قومیں گھبرانے کی بجئاے اپنے حوصلے بلند رکھتی ہیں اور ہر مصیبت کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے اپنے آپ کو مضبوط بناتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان متاثرین کی ہر ممکن امداد اور بحالی کیلئے فکر مند رہتے ہیں یہی وجہ ہے کہ آج اس خصوصی دن کے موقع پر میں آپ کے درمیان موجود ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بیت المال کے پلیٹ فارم سے محروم افراد کو مایوسی اورپریشانیوں کے اندھیروں سے باہر نکالنے کیلئے پرعزم ہوں۔ اس موقع پر ایم ڈی پاکستان بیت المال نے راجہ فاروق حیدر کے ہمراہ معذور افراد میں وہیل چیئرز تقسیم کیں جبکہ متاثرین کی بحالی کیلئے امدادی چیک بھی دیئے گئے۔