(ن )لیگ آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں متحد ومنظم ہے، سید جواد گیلانی

ہفتہ 10 اکتوبر 2015 16:24

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 اکتوبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما سابق امیدوار اسمبلی سید جواد گیلانی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں متحد و منظم ہے آمدہ انتخابات میں ن لیگ کسی سیاست جماعت سے انتخابی اتحاد نہیں کرے گی اور نہ ہی ن لیگ کو کسی بیساکھی کی ضرورت ہے جو لوگ ن لیگ سے اتحاد کرکے اسمبلی میں پہنچنا چاہتے ہیں ۔

وہ مسلم لیگ ن میں شامل ہوجائیں اور راجہ فاروق حیدر کے ہاتھ پر سیاسی بیعت کریں ۔ ن لیگ نہ تو اتحاد کریگی اور نہ ہی کسی کی بیساکھی بنے گی ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید عوام کو دھوکہ دینے کے لئے اپوزیشن سے تعاون مانگ رہے ہیں ۔ نظام بچانے ، خطہ کی تعمیر و ترقی ، تعمیر نو کی تکمیل ، میرٹ کی بحالی کے لئے الیکشن پر تحفظات کے باوجود راجہ فاروق حیدر نے مجید حکومت کو ایک موقع دیا ۔

(جاری ہے)

لیکن مجید حکومت نے خطہ میں لوٹ مار ، سیاسی انتقام ، کرپشن اور میرٹ کا قتل عام جاری رکھا ۔ اب ساتھ دینے کا نہیں حساب لینے کا وقت آگیا ہے ۔ میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ مگر مچھ کے آنسو بہانا وزیراعظم چوہدری عبدالمجید کا پرانا وطیرہ ہے ۔ اب دھوکہ دہی کی سیاست کا وقت گزر چکا ہے ۔ عوام باشعور ہیں اور وہ اچھے برے کی تمیز کرسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر اپنا عرصہ اقتدار پورا کرچکی ہے ۔ یہ ریاست کی ناکام ترین حکومت ہے ۔ چار سال تک اگر مالی بحران رہا تو اس کے ذمہ دار وزیراعظم آزاد کشمیر ہیں ۔ اگر وہ فنڈز کے حصول میں ناکام رہے تو اس کی بنیادی وجہ وزراء کی کرپشن ہے جو ثابت شدہ ہے ۔ وزیراعظم آزاد کشمیر کو اب اپنی ناکامیوں کا اعتراف کرتے ہوئے اسمبلی توڑ دینی چاہییاور عوام کی عدالت سے رجوع کرنا چاہیے ۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاق پر فنڈز روکے جانے کا الزام غلط ہے ۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے 20ارب روپے کی بیل آؤٹ پیکیج کا اعلان کیا ۔ لیکن اڑھائی سال تک اس پر عملدرآمد نہیں کیا ۔ وفاق میں لیگ کی حکومت کے قیام کے بعد بیل آؤٹ پیکیج کے تحت بجٹ کے علاوہ اربوں روپے دیئے گئے ۔ یہ رقم خرد برد اور کمیشن فوری کی نذر ہوگئی ہے تو اس میں وفاق کا کوئی قصہ نہیں ۔ انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر سے سوال کیا ہے کہ کشمیر کونسل کا ترقیاتی بجٹ جو انہیں تواتر کے ساتھ چلتا رہا یہ کروڑوں روپے چکسواری کے علاوہ کس جگہ پر خرچ کئے گئے ہیں ۔