سید علی گیلانی کی ادھمپور میں کشمیری ٹرک جلائے جانے اور ڈرائیور اور کنڈیکٹر کی شدید مارپیٹ کرنے کی سخت مذمت

پُرتشدد واقعات کو فوری طور پر روک کر واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے کڑی سے کڑی سزا دی جائے ٗعلی گیلانی کا مطالبہ

ہفتہ 10 اکتوبر 2015 18:52

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 10 اکتوبر۔2015ء) حریت کانفرنس کے بزرگ چیئر مین سید علی گیلانی نے ادھمپور میں کشمیری ٹرک جلائے جانے اور ڈرائیور اور کنڈیکٹر کی شدید مارپیٹ کرنے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آر ایس ایس، شیو سینا اور بی جے پی جیسے فرقہ پرست اور مجرمانہ ذہنیت کی حامل طاقتیں ایک منصوبہ بند طریقے پر مسلمانوں کے خون کے ساتھ ہولی کھیلنے کے مواقع پیدا کرنے کی تاک میں ہیں اور بھارت اور اس کی فرقہ پرست قوتیں مسلمانوں پر اب کھلے عام شب وخون مارنے اور مسلمانوں کو قتل کرنے کی پالیسی پر گامزن ہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ آئے روز بھارت سے لیکر متنازعہ جموں کشمیر تک بالعموم اقلیتیں اور بالخصوص مسلمان تشدد کی بھینٹ چڑھائے جاتے ہیں اور بھارت کی فرقہ پرست قوتوں نے مسلمانوں کی زندگی غیر محفوظ بنادی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ستم ظریفی یہ ہے کہ ساری ہندو دہشت گردی سرکاری چھتر چھایا میں ہورہی ہے۔ مسلمانوں میں مظالم ڈھانے اور ان کو قتل کرنے میں ان فرقہ پرستوں کو سرکار کی سرپرستی حاصل ہے۔

گیلانی صاحب نے کہا ادھمپور میں ٹرک جلائے جانے کا وقعہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے کہا فرقہ پرست طاقتوں کو خبردار کیا جاتا ہے کہ ایسے دہشت گردانہ واقعات کو ٹھنڈے پیٹوں برداشت نہیں کیا جاسکتا ہے۔ سید علی گیلانی نے جموں کشمیر کی نام نہاد سرکار کو متنبہ کیا ہے کہ اس طرح کے پُرتشدد واقعات کو فوری طور پر روک کر اس واقعہ میں ملوث افراد کو گرفتار کرکے کڑی سے کڑی سزا دی جائے۔

متعلقہ عنوان :