پاکستان کو نظریاتی وفکری محاذوں پرمستحکم کرنے، تحریک آزادی کشمیرکواصل تناظرمیں اجاگرکرنے،نظریہ الحاق پاکستان ،حق خودارادیت کوعالمی سطح پراجاگر کرناوقت کی ضرورت ہے،چوہدری عبدالمجید

پیر 12 اکتوبر 2015 17:02

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجید نے کہاہے کہ مملکت خداداد پاکستان کو نظریاتی وفکری محاذوں پرمستحکم کرنے، تحریک آزادی کشمیرکواصل تناظرمیں اجاگرکرنے،نظریہ الحاق پاکستان اور حق خودارادیت کوعالمی سطع پراجاگر کرناوقت کی ضرورت ہے۔ میرپورمیں نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام منعقدہونے والی پاکستان پائندہ باد کانفرنس اچھی کاوش ہے جس کوکامیاب بنایاجائے ۔

ان خیالات کااظہاروزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجید نے نظریہ پاکستان فورم آزادجموں وکشمیرکے صدر وسابق ممبراسمبلی مولانا محمدشفیع جوش کی قیادت میں ملنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں مفتی محمدوسیم رضا، صدرآزادکشمیرکے میڈیاایڈوائزر برائے اوورسیزخالد محمود خالق کے علاوہ دیگرافراد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمولانامحمدشفیع جوش نے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کونظریہ پاکستان ٹرسٹ کے زیراہتمام یکم نومبر2015 بروز اتوار صبح10 بجے ریجنسی ہوٹل میں منعقد ہونی والی 12 ویں پاکستان پائندہ باد کانفرنس میں بطورمہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی اور کانفرنس کی غرض وغائت سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم آزادکشمیرچوہدری عبدالمجید نے اس موقع پربات چیت کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کوآج جن اندرونی وبیرونی چیلنجوں کا سامناہے اس سے نمٹنے کیلئے ہمیں نظریاتی اور فکری اقدار کواجاگر کرناہوگا اور نظریہ پاکستان ، تحریک پاکستان ، تحریک آزادی کشمیرکواجاگرکرناہوگا۔