بیرسٹر سلطان محمود کا نیویارک کے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ پہنچنے پر فقیدالمثال استقبال،پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں

استقبالی ہجوم کی وجہ سے کچھ دیر کے لئے ائیرپورٹ کا نظام درہم برہم ، منتظمین کو مداخلت کرنا پڑی

پیر 12 اکتوبر 2015 22:27

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 12 اکتوبر۔2015ء )آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کالندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ سے نیویارک کے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ پہنچنے پر شاندار انداز میں فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔اس موقع پر ائیرپورٹ پر سینکڑوں پاکستانی اورکشمیری انکے استقبال کیلئے جان ایف کینیڈی ائیرپورٹ پر موجود تھے۔

اس موقع پر بیرسٹرسلطان محمود چوہدری کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے ۔ ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ ائیرپورٹ پر کافی بڑی تعداد میں استقبالی ہجوم کی وجہ سے کچھ دیر کے لئے ائیرپورٹ کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ جس پر منتظمین کو مداخلت کرنا پڑی۔

(جاری ہے)

بعد ازاں بیرسٹرسلطان محمود چوہدری نے استقبالی ہجوم سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ25 اکتوبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے سامنے ملین مارچ سے تحریک آزادی کشمیر کا ایک سنہرہ باب روشن ہو گا اور یہ ملین مارچ یہ ثابت کر دے گا کہ دنیا بھر میں جہاں جہاں بھی کشمیری و پاکستانی آباد ہیں وہ اس ملین مارچ میں شرکت کرکے ثابت کر دیں گے کہ وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ ہیں اور اور انکے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں اور بھارت کے اصل اور مکروہ چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے۔

انھوں نے کہا کہ اس طرح کے ملین مارچ اور جدوجہد اسوقت تک جاری رہیں گے جب تک کہ مقبوضہ کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا ۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ اسوقت مقبوضہ کشمیر کے عوام اور بالخصوص نوجوان اضطرابی کیفیت میں ہیں اور بھارت کی آٹھ لاکھ فوج کے ظلم اور بربریت کے خلاف برسر پیکار ہیں لہذا عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں چلنے والی جمہوری تحریک اورمسئلہ کشمیر کے حل کے لئے میری سفارتی کوششوں کی حمایت کرے اور مسئلہ کشمیر حل کرانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔

لہذا میں امریکہ میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں پر زور دیتا ہوں کہ وہ 25 اکتوبر کو نیویارک میں اقوام متحدہ کے سامنے ہونے والے ملین مارچ میں بھرپور شرکت کرکے خود کو تاریخ کا حصہ بنائیں کیونکہ یہ ملین مارچ مسئلہ کشمیر کے حل میں ایک سنگ میل ثابت ہو گا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مختلف مقررین نے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو یقین دلایا کہ وہ ملین مارچ میں بھرپور انداز میں شرکت کریں گے اور اسے کامیاب بنائیں گے۔*****راٹھور