موجودہ دور مقابلے ،تعلیمی ترقی کا دور ہے،عصر حاضر کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے اپنے آپ کو دھالنے والی قومیں ہی زندہ رہ سکتی ہیں، سردار یعقوب خان

جمعرات 15 اکتوبر 2015 16:48

اسلام آباد / مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اکتوبر۔2015ء)صدر آزادکشمیر سردار یعقوب خان نے کہا ہے کہ موجودہ دور مقابلے اور تعلیمی ترقی کا دور ہے۔ وہی قومیں زندہ رہ سکتی ہیں جو عصرِ حاضر کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے اپنے آپ کو ڈھال لیتی ہیں۔ آزادکشمیر میں عرصہ دراز سے اس امر کی ضرورت محسوس کی جا رہی تھی کہ ترقی یافتہ ممالک کی طرح یہاں کی افرادی قوت اور نوجوانوں کو مناسب رہنمائی فراہم کر کے ذاتی کاروبار شروع کرنے کی طرف ترغیب دی جائے تاکہ یونیورسٹیوں اور کالجوں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء وطالبات سرکاری ملازمتوں کے پیچھے دوڑنے اور دھکے کھانے کی بجائے تجارت کا پیشہ اپنا کر نہ صرف اپنے لیے روزگار پیدا کریں بلکہ دیگر لوگوں کو بھی روزگار فراہم کرنے کا سبب بنیں۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں آزادکشمیر میں مظفرآباد، میرپور اور اب اسلام آباد میں انٹر پرینیور شپ کانفرنس کا انعقاد، پاکستان پینٹنگ کمپی ٹیشن اور اس کے بعد ادبی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے میرپور ڈویژن سمیت آزادکشمیر بھر میں الخیر یونیورسٹی بھمبر اور نیشنل اکیڈیمک کونسل اسلام آباد کے تعاون سے ہونے والی تمام سرگرمیاں نوجوانوں کیلئے امید کی کرن بن کر سامنے آئی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الخیر یونیورسٹی کے زیرِ انتظام منعقدہ انٹرپرینیور شپ کانفرنس کے بعد وائس چانسلر الخیر یونیورسٹی ڈاکٹر امتیاز اقدس گورائیہ اور نیشنل اکیڈیمک کونسل اسلام آباد کے چیئرمین پروفیسر سردار عامر عباسی سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ صدر آزادکشمیر سردار یعقوب خان نے کہا کہ برطانیہ سے لے کر دنیا کے درجنوں ممالک میں آباد کشمیری اور پاکستانی لوگوں کی زندگیاں بھی ہمارے لیے ایک سبق ہیں کہ ان معاشروں میں جا کر بھی وہ پاکستانی اور کشمیری شہری زیادہ خوشحال ہوئے ہیں کہ جنہوں نے ذاتی کاروبار شروع کرتے ہوئے ترقی کی منازل طے کرنا شروع کیں اور آج ان کا شمار یورپ اور برطانیہ کے بڑے بزنس مینوں میں ہوتا ہے۔

یہی کامیابی ہم آزادکشمیر اور پاکستان میں بھی حاصل کر سکتے ہیں۔ ڈاکٹر امتیاز اقدس گورائیہ وائس چانسلر الخیر یونیورسٹی اور سردار عامر عباسی چیئرمین نیشنل اکیڈیمک کونسل اسلام آباد نے صدر آزادکشمیر سردار یعقوب خان کو اس موقع پر مختلف شروع کیے جانے والے پراجیکٹس کے حوالے سے مفصل بریفنگ دیتے ہوئے ان کی سرپرستی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔