حریت رہنماؤں کو فورم سید علی گیلانی کے اجلاس میں شرکت سے روکنے کی مذمت

بھارت ظلم و بربرست سے کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتا ،حریت رہنماء

جمعرات 15 اکتوبر 2015 18:03

سرینگر ۔15 اکتوبر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 15 اکتوبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں حریت رہنماؤں محمد یوسف نقاش ،حکیم عبد الرشید اورسیدبشیر اندرابی نے قابض انتظامیہ کے غیر جمہوری طرز عمل جس کے تحت مقبوضہ علاقے میں آزادی پسند قیادت کی پر امن آواز کو طاقت کے بل پر دبایا جارہا ہے کی شدید مذمت کی ہے ۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق حریت رہنماؤں نے سرینگر میں جاری ایک مشترکہ بیان میں انتظامیہ کی طرف سے حریت رہنماؤں کو بزرگ حریت رہنماء سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم کی مجلس شوریٰ میں شرکت سے روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے واضح ہو گیا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں طاقت کے بل پر کشمیریوں کے بنیادی حقوق صلب ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں اظہار رائے کی آزادی پر قدغن ، سیاسی حقوق سلب اور دینی سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کر رکھی ہیں جس سے بھارتی جمہوریت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا اس طرح کی کارروائیاں بین الاقوامی معاہدوں بالخصوص انسانی حقوق کی عالمی اعلامیہ اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی چارٹر کی خلاف ورزی ہے جس پر بھارت نے بھی دستخط کر رکھے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اس ظلم و بر بریت سے کشمیری عوام کے حوصلے پست نہیں ہوں گے اور وہ کشمیری شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے ۔دریں اثناء حریت رہنماؤں نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ڈوڈہ کے علاقے گڑی نالہ شہیدہونے والے دو دو نوجوانوں کوزبردست خراج عقیدت پیش کیا اور انکی بلندی درجات کیلئے دعا کی ۔انہوں نے کہاکہ جب تک کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل نہیں کر لیاجاتا خطے میں پائیدار امن و سلامتی کی ضمانت فراہم نہیں ہو سکتی ۔

انہوں نے بھارت پر زوردیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے دیر پا حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے۔حریت رہنماؤں نے صدر اسپتال جاکر حالیہ دنوں میں فوجیوں کی فائرنگ میں زخمی ہونے والے معصوم بچوں کی بھی عیادت کی۔ انہوں نے اس موقعہ پر عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر پامالیاں بند کرانے کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھائیں۔

متعلقہ عنوان :