مل کر ریاست کے لوگوں کی بہتری، انصاف کی فراہمی، میرٹ کی بحالی ہم سب کی ذمہ داری ہے ‘ جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء

نون کی عملداری اور آئین کی بالادستی کیلئے اپنا کردار اداکرنا چاہیے ‘ تقریب سے خطاب

ہفتہ 17 اکتوبر 2015 16:27

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 17 اکتوبر۔2015ء)سینئر جج آزادجموں وکشمیر سپریم کورٹ جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے کہا ہے کہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ مل کر ریاست کے لوگوں کی بہتری، انصاف کی فراہمی، میرٹ کی بحالی، قانون کی عملداری اور آئین کی بالادستی کیلئے اپنا کردار اداکریں۔ احساس ذمہ داری سے فرائض منصبی انجام دیے جائیں تو ہم اللہ تعالیٰ کے پاس بھی سرخروہوں گے اور اس سے لوگوں کا اعتماد بھی بڑھے گا۔

عدلیہ کی آزادی اور اس کے وقار پر کسی بھی صورت آنچ نہیں آنے دیں گے اور لوگوں کو انصاف کی فراہمی میں رکاوٹ برادشت نہیں کریں گے۔ عدلیہ ایک یونٹ ہے عدلیہ کو کسی بھی صورت سازشوں سے ڈرایا یا دھمکایا نہیں جا سکتا۔ ہم سب کا مقصد اللہ تعالیٰ اور ریاست کے لوگوں کے سامنے جوابدہی ہے۔

(جاری ہے)

ہر ایک کو اپنے اپنے دائرے میں رہ کر ایماندداری اور دیانتداری سے اپنے فرائض کی بجا آوری کرنی ہے۔

انصاف کی فراہمی کے لیے موجودہ نظام میں ڈسٹرکٹ جوڈیشری ہماری چہرہ ہے۔ ڈسٹرکٹ جوڈیشری سے عام آدمی کابراہ راست واسطہ پڑتا ہے۔ اگراحساس ذمہ داری سے اپنے فرائض منصبی انجام دیے جائیں تو لوگوں کو بروقت اور سستا انصاف مل سکتا ہے۔عدلیہ میں اس طرح کے ریفریشر کورسز ششمائی یا سالانہ بنیادوں پر منعقد ہوں تا کہ اس کا فائدہ ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے 2 روزہ ریفریشر کورس برائے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ و سیشن ججز وایڈیشنل ضلع قاضی صاحبان کے حوالہ سے منعقدہ اختتامی سیشن سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اختتامی سیشن سے چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر عدالت العالیہ و شریعت کورٹ جسٹس غلام مصطفی مغل، جسٹس چوہدری جہانداد خان، چیئرمین سروس ٹربیونل خالد گیلانی، ریٹائرڈڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بشیر احمد مغل، ایڈووکیٹ جنرل آزاد جموں وکشمیر سردار منصور پرویز خان، ایڈووکیٹ سپریم کورٹ راجہ محمد حنیف خان، ایڈیشنل اکاؤنٹنٹ جنرل آزاد جموں و کشمیر محمد حسن رانا اور دیگرمقررین نے بھی خطاب کیا۔

جبکہ اس موقع پر جج صاحبان عدالت العالیہ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، ضلع قاضی صاحبان، سینئر وکلاء اور عدلیہ کے آفیسران بھی موجود تھے۔اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر عدالت العالیہ جسٹس غلام مصطفی مغل نے کہا ہے کہ اگر عدلیہ انصاف و قانون اور میرٹ کے مطابق فیصلے کرے تو عوام کو مشکلات حل ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ طلبی کے پراسیس کو بہتر بنایا جائے تو لوگوں کے ساتھ بر وقت انصاف کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔