آزادکشمیر میں فرسود استحصالی نظام آخری ہچکیاں لے رہا ہے‘طاہر کھوکھر

موروثی سیاست اور مراعات یافتہ طبقات سے نجات حاصل کئے بغیر ان کے مسائل حل نہیں ہوسکتے

اتوار 18 اکتوبر 2015 14:11

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 18 اکتوبر۔2015ء)ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈ محمد طاہر کھوکھرنے کہاہے کہ آزادکشمیر میں فرسود استحصالی نظام آخری ہچکیاں لے رہا ہے‘غریب اور متوسط طبقات میں یہ شعور تیزی سے بیدار ہورہاہے کہ موروثی سیاست اور مراعات یافتہ طبقات سے نجات حاصل کئے بغیر ان کے مسائل حل نہیں ہوسکتے۔ کارکنوں اور مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے طاہر کھوکھر نے کہا کہ ایم کیو ایم کے 17ہزار حق پرست کارکنان نے 90 کی دہائی میں اپنی جانوں کا نذررانہ پیش کر کے جس انقلاب کی بنیاد رکھی تھی ‘ اس کے صلے میں آج ملک بھر ‘ گلگت بلتستان اور آزادکشمیر میں غریبوں میں یہ شعور بیدار ہوچکا ہے کہ مٹھی بھر استحصالی عناصر اور جاگیردار وڈیرے اگر عوام کے استحصال کیلئے اکھٹے ہوسکتے ہیں تو غریبوں کو اپنے حقوق کیلئے متحد ہونا پڑے گا اور اپنی صفوں میں سے نئی قیادت سامنا لانا ہوگی جو ان کی تقدیر بدلے گے انہوں نے کہا کہ حق پرست شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور شہداء کے مقدس لہو کے صدقے ،پاکستان میں غریب ومتوسط طبقہ کی حکمرانی کا انقلاب ضرور آئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حق پرست شہداء نے حق پرستی کے نظریہ ، مشن ، مقصد اور کاز کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کردیا لیکن کسی باطل قوت کے آگے سرجھکانا گوارا نہیں کیا، قوم کے بہتر مستقبل کیلئے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے حق پرست شہداء ایم کیوایم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ یہ حق پرست شہداء کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے کہ آج ایم کیوایم کا حق پرستانہ فکروفلسفہ آزادکشمیراور گلگت بلتستان سمیت پاکستان کے چپے چپے میں پھیل چکا ہے ، ملک بھر میں فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے خلاف غریب ومتوسط طبقہ کی حکمرانی کا شعور تیزی سے فروغ پارہا ہے ۔

انہوں نے کہاکہ انشاء اللہ حق پرست شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائے گی اورہمیں کامل یقین ہے کہ بہت جلد شہداء کے مقدس لہو کے صدقے پاکستان میں غریب ومتوسط طبقہ کی حکمرانی کا انقلاب آئے گا، پاکستان میں خلق خدا راج کرے گی اور ملک سے ظلم وستم اور جبرواستبداد کا نظام ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوجائے گا۔طاہرکھوکھرنے کہا کہ آج ملک بھر کی طرح آزادکشمیر میں بھی غریب عوام بے یارومددگار بنیادی ضروریات زندگی سے محروم ہیں ‘ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی وہ وقت دور نہیں جب آزادکشمیر کے عوام بھی استحصالی نظام سے جان چھڑاکر ایم کیو ایم کے پرچم تلے متحد ہو کر متوسط طبقہ کی نئی قیادت سامنے لائیں گے جو ان کی تقدیر بدل دے گی اور غریبوں کوانصاف ملے گا ۔