محرم میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ‘پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے اہلکار اہم مقامات پر تعینات کر دیئے ہیں‘پولیس کے ساتھ ایجنسیاں اور دیگر ادارے پوری تندہی سے فرائض سر انجام دے رہے ہیں

ایس ایس پی مظفرآباد سید ریاض حیدر بخاری کی آزاد کشمیر ریڈیو کے پروگرام میں بات چیت

منگل 20 اکتوبر 2015 16:58

مظفرآباد ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اکتوبر۔2015ء ) ایس ایس پی مظفرآباد سید ریاض حیدر بخاری نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے حوالے سے فول پروف انتظامات کر لیے گئے ہیں ،پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاران اہم مقامات پر تعینات کر دیئے گئے ہیں ،اس حوالے سے پولیس کے ساتھ ایجنسیاں اور دیگر ادارے پوری تندہی کے ساتھ فرائض سر انجام دے رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزادکشمیر ریڈیو کے معروف پروگرام پریس کارنر میں میزبان سعید الرحمان صدیقی کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ الحمد اللہ آزادکشمیر کا خطہ مذہبی رواداری کا حامل ایک پرامن خطہ ہے ،اور یہاں تمام مسالک میں بہترین ہم آہنگی کی فضاء موجود ہے جس کا کریڈٹ علماء کرام کو جاتا ہے ۔

(جاری ہے)

نیشنل ایکشن پلان بہت سا گند صاف کرنے کے لیے ایک شاندار منصوبہ ہے ۔

نیشنل ایکشن پلان کی راہ میں رکاوٹ بننے والوں کو کسی صورت میں برداشت نہیں کریں گے ۔ایپکس کمیٹی کے فیصلوں کو پوری طاقت کے ساتھ نافذ العمل کیا جائے گا ،غیر قانونی کیبل چینل لائسنس بنوا کر ہی نشریات شروع کر پائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے اپنی سیکیورٹی کے حوالے سے انتظامات کو بہتر بنائیں پولیس اس سلسلہ میں نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور دیگر سٹاف کو تربیت بھی فراہم کر چکی ہے ،امن و امان کے حوالے سے کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی ،آزادکشمیر کے انٹری پوائنٹس کوہالہ اور برار کوٹ میں عوام کی سکیورٹی کے لیے آنے جانے والے مسافروں کا ڈیٹا مرتب کیا جاتا ہے اس حوالے سے عوام کو پولیس سے از خود تعاون کرنا چاہیے آزادکشمیر کسی دہشت گرد کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہیں بننے دیں گے ہم نے امن کمیٹیوں اور عوام کے ساتھ مل کر سکیورٹی کا ایسا مربوط نظام قائم کیا ہے کہ آزادکشمیر میں کوئی ملک دشمن پر نہیں مار سکتا ۔

آزاد کشمیر ملک سے شدید محبت کرنے والوں کا خطہ ہے قومی مفاد کے تحت پولیس اور انتظامیہ جو ایکشن لیتی ہے اس پر واویلا کرنے والوں پر بھی کڑی نظر رکھ رہے ہیں ۔آزادکشمیر کے دفاع اور تحفظ کے لیے افواج پاکستان کے ساتھ آزادکشمیر کی پولیس اندرونی طور پر پوری طرح مستعد ہے کسی کو اس حوالے سے کسی شک میں نہیں رہنا چاہیے

متعلقہ عنوان :