مقبوضہ کشمیرکے ضلع اودھمپور میں سڑک کے ایک حادثے میں کم از کم 15 مسافر جاں بحق اور 30 زخمی

مسافر بس دلسار میں ایک خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جاگری

منگل 20 اکتوبر 2015 18:04

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 20 اکتوبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیرکے ضلع اودھمپور میں سڑک کے ایک حادثے میں کم از کم 15 مسافر جاں بحق اور 30 زخمی ہوگئے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک مسافر بس ضلع میں رام نگر کے علاقے دلسار میں ایک خطرناک موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جاگری ۔ زخمیوں کو فوری طورپر ڈسٹرکٹ ہسپتال اودہمپور اور گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کردیاگیاہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ادھرٹریفک پولیس کے اہلکار نے بتایا ہے کہ سرحدی علاقے لداخ اورکارگل کو وادی کشمیر سے ملانے والی سرینگر لیہہ شاہراہ متعدد مقامات پر برفباری کی وجہ سے بند ہوگئی ہے ۔ گزشتہ شب سے ذوجیلا اور ہائی وے پردیگر مقامات پر برف باری ہوئی تھی جس کی وجہ سے انتظامیہ نے سڑک کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کردیاہے۔

(جاری ہے)

سڑک بند ہونے سے زوجیلا پاس کے دونوں اطراف سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔ دریں اثناء گزشتہ شب دراس اورمینمرگ میں بھی برف باری ریکارڈ کی گئی ہے ۔دراس جو سائبیریا کے بعد دنیا بھر میں دوسرا سب سے سرد مقام ہے میں چھ انچ برف پڑی ہے ۔ جموں کے راجوری اور پونچھ اضلاع کو سرینگر سے ملانے والی مغل روڈ پربھی گاڑیوں کی آمد ورفت معطل ہے۔ مغل روڈ پر پیر کی گلی ایک فٹ تک برف پڑ چکی ہے ۔