الخیر یونیورسٹی لائبریری کو جدید ترین بنیادوں پر ترقی دے دی ہے‘وائس چانسلر

بدھ 21 اکتوبر 2015 13:47

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اکتوبر۔2015ء) وائس چانسلر الخیر یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر امتیاز اقدس گورائیہ نے کہا ہے کہ الخیر یونیورسٹی لائبریری کو جدید ترین بنیادوں پر ترقی دے دی ہے اور بہت بڑی تعداد میں نئی کتابیں لائبریری میں شامل کر لی گئی ہیں کمپیوٹر لیب کو بھی بہتر انداز میں اپ گریڈ کیا جا رہا ہے نئے آنے والے طلباء و طالبات کے لیے الخیر یونیورسٹی کوالٹی ایجوکیشن آفر کر رہی ہے آنے والے دنوں میں پاکستان و دنیا بھر سے بہت بڑے بڑے سکالر کو یونیورسٹی میں مدعو کر کے سٹوڈنٹس کے لیے تعلیم میں جدت لائی جائے گی ۔

الخیر یونیورسٹی آزادکشمیر اور پاکستان کا ایک بہت بڑا اثاثہ ہے اور ہم اپنی تمام فیکلٹی سمیت اس مشن پر کام کر رہے ہیں کہ بہتر تعلیم ہی کسی قوم کا مقدر سنوار سکتی ہے پاکستانی اور کشمیری قوم کا مقدر او ر تعمیر وترقی کوالٹی ایجوکیشن پر منحصر ہے الخیر یونیورسٹی اسی مشن سیٹٹ منٹ پر کام کر رہی ہے عہد حاضر کے جدید ترین تقاضوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہم نے الخیر یونیورسٹی کو اپ گریڈ کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

اور اس حوالے سے انقلابی نوعیت کی پیش رفت ہو رہی ہے۔ ماضی میں اس حوالے سے بعض حلقوں میں بہت سی غلط فہمیاں پائی جاتی تھیں جنھیں دور کرنے پر کام جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے کنسلٹنٹ ڈاکٹر میاں شفیق کاکا خیل اور ڈاکٹر سردار محمد عامر علی عباسی سے خصوصی گفتگو کے دوران کیا۔ یونیورسٹی کیمپس میں منعقدہ اجلاس میں ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔

وائس چانسلر ڈاکٹر امتیاز اقدس گورائیہ نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل وکرم سے الخیر یونیورسٹی میں اس وقت بائیس سے زائد پی ایچ ڈی پروفیسرز فیکلٹی میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں اور دور حاضر کی ضروریات کے مطابق دیگر اہم ڈیپارٹمنٹس بھی شروع کیے جا رہے ہیں۔ پورے پاکستان میں الخیر یونیورسٹی کی ڈگر ی کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے قواعد وضوابط کے مطابق انقلابی نوعیت کے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ بھمبر کیمپس کے ساتھ ساتھ میرپور میں بھی کیمپس شروع کرنے پر غور وخوض کیا جارہا ہے ۔ آنے والے وقت میں ہماری کوشش ہے کہ یونیورسٹی کے طلبہ وطالبات کو دنیا کے دیگر ممالک میں ریسرچ ٹورز پر بھیجا جائے تاکہ ان کا ویژن بڑھ سکے۔