گورنمنٹ گرلز ہائی سکول برارکوٹ کی سینئر معلمہ عرصہ ایک سال سے غیر حاضر

بدھ 21 اکتوبر 2015 13:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اکتوبر۔2015ء) گورنمنٹ گرلز ہائی سکول برارکوٹ کی سینئر معلمہ عرصہ ایک سال سے غیر حاضر،صدر معلمہ نے بار ہاء اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا ،با اثرسینئر معلمہ کے خلاف کوئی کاروائی نہ ہوسکی ،عوام علاقہ کا شدید احتجاج ،طالبات کا مستقبل داؤ پر لگ گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق عوام علاقہ برار کوٹ نے مرکزی ایوان صحافت میں صحافیوں کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول برارکوٹ میں سینئر سائنس ٹیچر فرخندہ علی عرصہ ایک سال سے سکول حاضر نہیں ہوئی اور گھر بیٹھے تنخواہ وصول کر رہی ہے ۔

عوام کے اصرار پر صدر معلمہ نے متعدد بار وزیر تعلیم سمیت سیکرٹری تعلیم اور ڈی ای او و دیگر کو سینئر معلمہ فرخندہ علی کی غیر حاضری کی رپورٹ پیش کی ۔مگر با اثر سینئر معلمہ کے خلاف کوئی کاروائی نہ ہو سکی ۔ عوام علاقہ کا کہنا تھا کہ ہماری بچیوں کا مستقبل داؤ پر لگا ہے ۔اگر فرخندہ علی کے خلاف کاروائی عمل میں لاتے ہوئے اسے سکول حاضر نہ کیا گیا تو بھر پور احتجاج کریں گے اور سکول میں رونما ہونے والے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی ذمہ داری متعلقہ اعلیٰ حکام پر عائد ہو گی ۔