ریاست کے تمام شہریوں کو سرکاری نوکریاں فراہم کر نا حکومت کے لیے ممکن نہیں،صدر آزادکشمیر

بدھ 21 اکتوبر 2015 15:20

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اکتوبر۔2015ء) صدر آزادکشمیر سردار یعقوب خان نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں کسی بھی حکومت کے لیے یہ ممکن نہیں ہے کہ وہ ریاست کے تمام شہریوں کو سرکاری نوکریاں فراہم کرے ضرورت اس امر کی ہے کہ نجی شعبے کی سرپرستی اس انداز میں کی جائے کہ ہر ڈگری حاصل کرنے والا نوجوان بلاتخصیص جنس ذات پات اپناذاتی کاروبار شروع کرنے کے لیے منصوبہ بندی کرے اس سلسلہ میں الخیر یونیورسٹی کی طرف سے اورک (ORIC)کے زیر اہتمام انٹر پری نور کانفرنس کا انعقاد انتہائی احسن اقدام ہے ۔

آزاد حکومت الخیر یونیورسٹی کی اس کاوش کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ہم امید کا اظہار کرتے ہیں کہ کشمیری نوجوان سرکاری نوکریوں کے پیچھے بھاگنے کی بجائے محنت مشقت اور اپنے کاروبار کی جانب بڑھیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کاا ظہار انہوں نے آزادکشمیر یونیورسٹی آڈیٹوریم میں الخیر یونیورسٹی کے زیر انتظام منعقدہ انٹر پری نور کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب سے وائس چانسلر الخیر یونیورسٹی ڈاکٹر امتیاز اقدس گورائیہ سابق وائس چانسلر آزادکشمیر یونیورسٹی ڈاکٹر سید دلنواز گردیزی ،صدارتی مشیرراجہ ساجد الرحمن ،پروفیسر عامر عباسی چیئرمین نیشنل اکیڈیمک کونسل اسلام آباد و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔سردار یعقوب خان نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے سے الخیر یونیورسٹی نیشنل اکیڈیمک کونسل اسلام آباد کے ساتھ مل کر جس طرح آزادکشمیر میں معیار تعلیم بلند کرتے ہوئے کام کر رہی ہے ہمیں امید ہے اس کے اچھے نتائج نکلیں گے ۔