آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کا بیاسی واں سالانہ اجلاس یوم اقبال کی وجہ سے موخر ،اب 16 نومبر کو مظفرآباد میں منعقد ہو گا

بدھ 21 اکتوبر 2015 16:43

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اکتوبر۔2015ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کا بیاسیواں(82واں) سالانہ اجلاس یوم اقبال کی وجہ سے موخر کر دیا گیا ہے اب 9 نومبر سوموار کی بجائے 16 نومبر (سوموار) کے روز مظفرآباد میں منعقد ہو گا ۔پار ٹی سیکرٹریٹ سے مسلم کانفرنس کی سیکرٹری جنرل محترمہ مہر النساء کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق 9نومبر ”یوم اقبال“ کی تقریبات کی وجہ سے جماعت کے سینئر رہنماؤں اور سالانہ اجلاس کے لئے قائم استقبالیہ انتظامیہ کمیٹیوں کی مشاورت سے صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے ”82ویں سالانہ اجلاس“ کی تاریخ میں تبدیلی کی منظوری دی ہے۔

سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس کا یہ سالانہ اجلاس تاریخ ساز ہو گا جس میں آز اد کشمیر ، پاکستان میں مقیم مہاجرین جموں وکشمیر ، گلگت و بلتستان اور بیرون ممالک سے جماعت کے عہدے داران اور کارکنان شرکت کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس ریاست جموں وکشمیر کی واحد سیاسی جماعت ہے جس کی تنظیمیں پولنگ اسٹیشن سے لیکر مرکز تک ہر تین سال کے بعد جمہوری روایات کے مطابق مکمل کی جاتی ہیں۔

اور منتخب عہدے داران اپنی قیادت کا انتخاب کرتے ہیں۔ انہوں تمام متعلقہ یونٹس کے عہدے داروں سے کہا کہ وہ پارٹی سکیرٹریٹ کی طرف سے ملنے والے شیڈول کے مطابق اپنی تنظیم ساز ی کا عمل مکمل کریں اور دستور اساسی کے مطابق پارٹی کے نئے صدر کے انتخاب کیلئے ”موز وں شخصیت “ کا نام تجویزکر کے سیکرٹریٹ کو ارسال کریں ۔