انٹرا کشمیر ٹریڈ سے منسلک ٹریڈرز کو تمام ممکنہ سہولیات مہیا کی جائیں گی،چوہدری لطیف اکبر

گڑھی دوپٹہ اور ہجیرہ میں انٹرا کشمیر ٹریڈ منڈیوں کے قیام کے لیے زمین خرید کر لی گئی ہے جلد منڈیوں کا قیام عمل میں لایا جائیگا

بدھ 21 اکتوبر 2015 20:09

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 21 اکتوبر۔2015ء)آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر خزانہ ،منصوبہ بندی وترقیات چوہدری لطیف اکبر نے کہا ہے کہ انٹرا کشمیر ٹریڈ سے منسلک ٹریڈرز کو تمام ممکنہ سہولیات مہیا کی جائیں گی۔گڑھی دوپٹہ اور ہجیرہ میں انٹرا کشمیر ٹریڈ منڈیوں کے قیام کے لیے زمین خرید کر لی گئی ہے جلد منڈیوں کا قیام عمل میں لایا جائیگا۔

جموں وکشمیر جوائنٹ چیمبر آف کامرس اور ٹریڈ اینڈ ٹریول اتھارٹی ایک دوسرے کے ساتھ کوآرڈینیشن کومزید بہتر بنائیں تاکہ تاجروں کے مسائل حل ہو سکیں۔وویمن چیمبر آف کامرس کا قیام خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انٹرا کشمیر ٹریڈ کی ساتویں سالگرہ کے موقع پر جموں وکشمیر جائینٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے زیر اہتمام منعقدہ سمینار "امکانات اور چیلنجز"سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سیمینار سے سابق سیکرٹری اکرم سہیل، چیمبر آف کامرس کے صدر ذوالفقار عباسی، ارشاد محمود، ٹریڈرز نمائندگان قذیم عباسی، تنویر قریشی، مبارک اعوان، مامون ڈار،طاہر عزیز، وویمن چیمبر آف کامرس کی ممبرز راحت فاروق ایڈووکیٹ اور منزہ کاظمی نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ٹریڈ اینڈ ٹریول اتھارٹی بریگیڈئیر ریٹائر امتیازاحمد وائیں نے انٹرا کشمیر ٹریڈ کے حوالہ سے شرکاء کو بریفنگ دی ۔

سیمینار میں سیکرٹری انڈسٹریز منیر قریشی،وویمن چیمبر آف کامرس کی نائب صدر نجمہ شکور، سی ایم او کی چیئرپرسن سمیراقریشی اور ٹریڈرز نمائندگان نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ کشمیری قوم نے کبھی ہمت نہیں ہاری ۔دونوں اطراف بسنے والے کشمیریوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ۔کشمیریوں کے رشتے کبھی ختم نہیں ہوسکتے ۔

کشمیری اپنی جدوجہد میں ضرورکامیاب ہونگے۔انہوں نے کہا کہ جائینٹ چیمبر آف کامرس کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔محکمہ انڈسٹریزچیمبر آف کامرس کی رجسٹریشن میں حائل رکاوٹیں دور کرے اور جائینٹ چیمبر آف کامرس کے لیے بینکنگ کے نظام کو مربوط بنایا جائے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ انٹرا کشمیر ٹریڈ کے لیے منڈیوں کے قیام کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا جا رہا ہے جس کے لیے گڑھی دوپٹہ میں30کنال اور ہجیرہ میں 47کنال اراضی خرید کر لی گئی ہے ۔

جلد منڈیوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس سے ٹریڈز کو سہولت ہوگی۔انہوں نے کہا کہ انٹرا کشمیر ٹریڈ میں زیادہ سے زیادہ آئٹمز کو شامل کیا جائے تاکہ مقامی تاجروں کو فائدہ ہواور تمام کراسنگ پوائنٹ سے ٹریڈ کو بحال کیا جائے۔انہوں نے ٹریڈ اینڈ ٹریول اتھارٹی کو ہدایت کی کہ کراسنگ پوائنٹس پر بڑے سکینرز نصب کرنے کا اہتمام کیا جائے تاٹریڈرز کے مسائل حل ہو سکیں۔سیمینارکے دوران سینئر صحافی عارف عرفی کی انٹرا کشمیر ٹریڈ کے حوالہ سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس کو شرکاء نے بے حد سراہا