آزاد کشمیر کی نوے فیصد آبادی کا انحصار لائیو سٹاک پر ہے‘مطلوب حسین راجہ

جمعرات 22 اکتوبر 2015 15:14

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 22 اکتوبر۔2015ء) ناظم لائیو سٹاک ڈاکٹر مطلوب حسین راجہ نے کہا ہے کہ محکمہ امور حیوانات آزاد کشمیر ملکی تعمیر و ترقی کے عین مطابق جدید سائنسی خطوط پر اپنا کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔آزاد کشمیر کی نوے فیصد آبادی کا انحصار لائیو سٹاک پر ہے اور یہ سیکٹر ملکی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ۔ آزاد کشمیر میں بڑھتی ہوئی آبادی کے لئے دودھ ،گوشت انڈوں کی ضروریات پورا کرنے کیلئے وزیر لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی او ر سیکرٹر ی لائیو سٹا ک ڈاکٹر شہلا وقار کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں لائیو سیکٹر کی ترقی، مویشی پال کسانوں کی خوشحالی،اور عام آدمی کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آئی سی آئی انیمل ڈویژن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بریڈ اور امپرومنٹ پروگرام کے تحت مصنوعی نسل کشی سے اعلیٰ نسائل کے جانوروں کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ مقامی سطح پر بریڈ امپرومنٹ کے پراجیکٹ شروع کیے جارہے ہیں تاکہ مقامی سطح پر جانوروں کی اعلی ٰ نسلیں حاصل کی جا سکیں ۔ انہو ں نے کہا کہ محکمہ مقامی مویشی پال حضرات کی بھرپور معاونت کررہا ہے تا کہ جانورں کی اعلیٰ نسلیں مقامی سطح پر پیدا کی جا سکیں اور دودھ اور گوشت کی پیداوا ر میں اضافہ کیا جا سکے۔