لبریشن فرنٹ کا کشمیر میں بھارتی مظالم ومذہبی منافرت کو فروغ دینے پر اظہارتشویش

پیر 26 اکتوبر 2015 15:19

لندن (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 26 اکتوبر۔2015ء) جموں وکشمیرلبریشن فرنٹ کے سفارتی بیورو نے لندن میں برطانوی امور خارجہ اور دولت مشترکہ کے دفتر پر جاکر برطانوی حکومت کو ایک یادداشت پیش کی جس میں پارٹی سربراہ محمد یاسین ملک اور دوسرے رہنماؤں کی سیاسی سرگرمیوں پر پا بندی،کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور مذہبی منافرت کو فروغ دینے میں بھارتی حکومت کی سرپرستی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت برطانیہ پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے اگلے ماہ مجوزہ دورہ برطانیہ کے دوران اس سلسلے کوبند کرانے پرزور دے۔

یادداشت لبریشن فرنٹ کے سفارتی بیورو کے سربراہ پروفیسر ظفر خان اور محمود حسین نے پیش کی۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ برطانوی حکومت کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرے اور کشمیریوں پر ہورہے مظالم کو روکنے کی کوشش کرے۔

(جاری ہے)

یادداشت میں بھارتی حکومت اور مقبوضہ کشمیرمیں کٹھ پتلی انتظامیہ کی سرپرستی میں ہندو انتہا پسندوں کی طرف سے اپنے سیاسی اہداف کے حصول کے لیے مذہبی منافرت و تشدد کو فروغ دینے کی مذمت کرتے ہوئے اسے روکنے کیلئے اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

دریں اثناء جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ٹنگمرگ اور شوپیاں میں حال ہی میں شہید ہونے والے نوجوانوں نثار احمد وانی،ارشد احمدشیخ اور عادل احمد کھانڈے کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاہے۔ پارٹی کے دو الگ الگ وفودنے کنزر ٹنگمرگ اور شوپیان جاکر شہداء کے لواحقین سے ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا۔وفود میں پارٹی رہنما ایڈوکیٹ بشیر احمد بٹ، نور محمد کلوال، سراج الدین میر ،محمد یاسین بٹ، محمد صدیق شاہ،جاوید احمد بٹ اور امتیاز احمد شامل تھے۔