مقبوضہ کشمیر ‘بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائی میں ضلع پلوامہ کے علاقے دربگام میں دو نوجوانوں کو شہید کردیا

منگل 27 اکتوبر 2015 16:41

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 اکتوبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں ضلع پلوامہ کے علاقے دربگام میں دو نوجوانوں کو شہید کردیا ہے جبکہ بھارتی جارحیت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے ‘ پولیس ‘ بھارتی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔اطلاعات کے مطابق نوجوانوں کو بھارتی فوج کی44آر آر اورپولیس کے سپیشل آپریشن گروپ نے محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران شہید کیا ۔

(جاری ہے)

شہید نوجوانوں کی شناخت کریم آباد پلوامہ کے آفاق اللہ بٹ اورامربگ شوپیان کے عبدالمنان ڈار کے طورپر ہوئی ہے۔ نوجوانوں کی شہادت کی خبر علاقے میں پہنچتے ہی پلوامہ میں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور بھارت کے خلاف احتجاج کرنے لگے جبکہ نوجوانوں کے آبائی علاقوں میں بھی زبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور لوگوں نے آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بلند کئے۔اس سے پہلے اسی علاقے میں بھارتی فوج کا ایک نائب صوبیدار ایک حملے میں ہلاک ہوگیا تھا۔ بھارتی فوج نے نوجوانوں کو ایک جھڑپ کے دوران شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :