سید علی گیلانی کا جموں وکشمیر پر فوجی تسلط کیخلاف مکمل ہڑتال کرنے، یوم سیاہ منانے پر کشمیری عوام سے اظہار تشکر

بدھ 28 اکتوبر 2015 15:22

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اکتوبر۔2015ء) حریت رہنماء سید علی گیلانی نے 27اکتوبر کو بھارت کے جموں وکشمیر پر فوجی تسلط کیخلاف مکمل ہڑتال کرنے اور یوم سیاہ منانے پر کشمیری عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے بھارت کے غیر قانونی تسلط کیخلاف ایک ریفرنڈم قراردیا ہے ۔ سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری بیان میں کہاکہ کشمیری عوام جموں وکشمیر سے آخری بھارتی فوجی کے انخلاء تک اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جار ی رکھیں گے ۔

انہوں نے کہاکہ بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے یوم سیاہ کے موقع پر لگائے جانیوالے سیاہ جھنڈے اتارنے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کے طرز عمل سے کشمیریوں کے جذبات کو تبدیل نہیں کیا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے 27اکتوبر 1947کو جموں و کشمیر میں اپنی فوجیں اتارکر قبضہ کر لیاتھا اور 68سال گزرنے کے بعد بھی کشمیری عوام کی سوچ اور فکر میں کسی قسم کی تبدیلی واقع نہیں ہوئی ہے، وہ تب بھی اس جبری قبضے کیخلاف تھے اور وہ آج بھی اس کو تسلیم نہیں کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارت نے اپنی پوری فوجی طاقت کو جموں وکشمیر میں جھونک دیا ہے، البتہ وہ کشمیری قوم کو فتح کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکا اور کشمیریوں نے بے مثال ہڑتال کرکے ایک بار پھر اپنا فیصلہ سنا دیا ہے اور دنیا کو واضح پیغام دیا ہے کہ کشمیر بھارت کے قبضے کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔سید علی گیلانی نے پلوامہ میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے کشمیری نوجوانوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے یہ سرفروش اسلام کی سربلندی اور کشمیری قوم کی آزادی کیلئے اپنی جانوں کی قربانی دے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے میں خون خرابے کیلئے صرف اور صرف بھارت ذمہ دار ہے کیونکہ وہ مسلسل اپنی ضد اور ہٹ دھرمی پر قائم ہے اور کشمیر کے بارے میں حقائق کو قبول کرنے پر تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری امن پسند لوگ ہیں، البتہ بھارت کے غیر حقیقت پسندانہ موقف کی وجہ سے ہمارے بچے تعلیم ترک کر کے سرفروشی کے راہ پر نکل پڑتے ہیں ۔سید علی گیلانی کی ہدایت پرغلام محی الدین اندرابی، عبدالاحد پرہ، بشیر احمد قریشی، شیخ محمد رمضان اور ریاض احمد پر مشتمل ایک وفد شہید آفاق احمد کریم آباد پلوامہ گیا جبکہ دوسرا وفد صدرِ ضلع شوپیان محمد یوسف فلاحی کی قیادت میں امربُگ شوپیان شہید منان کے گھر گیا۔

انہوں نے شہید نوجوانوں کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیا ۔بزرگ رہنماء نے حالیہ تباہ کن زلزلے سے پاکستان، افغانستان اور کشمیر میں جانی و مالی نقصان پرگہرے رنج وغم اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے دُعا کی ہے۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت ایک دوسرے کی مدد اور استغفار کرنے کا ہے۔انہوں نے بارہمولہ میں سکھ برادری کی ایک خاتون کے بہیمانہ قتل پربھی گہرے رنج وغم اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعے کی فی الفور تحقیقات اور مجرموں کو کڑی سے کڑی سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔

متعلقہ عنوان :