گیلانی فورم کی حریت رہنماؤ ں کی مسلسل نظربندی وگرفتاریوں کی شدید مذمت

بدھ 28 اکتوبر 2015 15:22

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اکتوبر۔2015ء) حریت رہنماء سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم نے سید علی گیلانی اور دیگر حریت رہنماؤں شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان،محمد اشرف صحرائی، غلام نبی سمجھی، ایاز اکبر، راجہ معراج الدین، محمد اشرف لایااوردیگر کی مسلسل گھروں میں نظربندی کی شدید مذمت کی ہے ۔ فورم ترجمان ایاز اکبر نے سرینگر ایک بیان میں سید علی گیلانی کی گزشتہ 6ماہ سے مسلسل گھر میں نظربندی پر افسوس ظاہر کیا۔

انہوں نے کہاکہ کٹھ پتلی انتظامیہ نے آزادی پسند قائدین کا سیاسی سطح پر مقابلہ کرنے میں ناکامی کے بعد انہیں گھروں اور پولیس اسٹیشنوں میں نظربند کردیا ہے ۔ ادھرتحریک حریت جموں وکشمیر کے جنرل سیکریٹری محمد اشرف صحرائی نے بھی ایک بیان میں پارٹی رہنماء امیر حمزہ کی مسلسل نظر بندی، خادم دفتر کولگام شوکت احمد کو گرفتار کرکے کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کٹھوعہ جیل منتقلی اور تحریک حریت کے اراکین معراج الدین ربانی، عمر عادل ڈار اور سجاد احمد لون کو کئی روز سے پولیس اسٹیشنوں میں نظربند رکھنے کی شدید مذمت کی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ امیر حمزہ تین ماہ قبل کولگام ایک پروگرام کے سلسلے میں گئے تھے اورپولیس نے انہیں گرفتار کرلیا جس کے بعد سے ان کی گرفتاری کو طول دیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ امیر حمزہ ایک سیاسی کارکن ہیں اور پر امن سیاسی سرگرمیاں انجام دے رہے تھے، ان کی گرفتاری کا کوئی جواز نہیں تھا، مگر کٹھ پتلی انتظامیہ سیاسی سرگرمیوں پر مکمل پابندی لگا کر اپنے بھارتی آقاؤں حکمرانوں کو خوش کرنا چاہتی ہے۔ اشرف صحرائی نے کہا کہ ایسے ہتھکنڈوں سے نہ تو آج تک ہم اپنی جدوجہد آزادی سے دستبردار ہوئے ہیں اور نہ ہی آئندہ اس قسم کے حربوں سے ہمیں اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد سے روکاجاسکتا ہے۔