بھارت کشمیر میں مذہبی منافرت پھیلانے کی سازشوں میں مصروف ہے، محمد یاسین ملک

بدھ 28 اکتوبر 2015 15:22

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اکتوبر۔2015ء) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر منانے اورمکمل ہڑتال کرنے پر کشمیری عوام کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی فوج نے اسی دن کشمیر یوں کی آزادی کو سلب کرکے جموں وکشمیر اپنا غیر قانونی تسلط قائم کیا تھا۔ محمد یاسین ملک نے ایک بیان میں کہاکہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی جدوجہد آزادی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر آج بھی ظلم و جبر کی چکی میں پس رہا ہے اور بھارت اوراسکی کٹھ پتلی انتظامیہ نے آزادی پسندوں کی پر امن سیاسی سرگرمیوں اور جلسے ،جلوسوں ،عوامی اجتماعات اور اظہار رائے کی آزادی پر مکمل قدغن عائد کر رکھی ہے ۔ بھارتی حکمرانوں نے مقامی آلہ کاروں کے ساتھ مل کر جموں و کشمیر میں مذہبی منافرت پھیلانے کی سازشیں شروع کررکھی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ یہاں آر ایس ایس جیسی فسطائی قوتوں کو کھلی چھوٹ دی گئی ہے اور وہ جموں کے مسلمانوں کو کھلے عام ہراساں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے دیرپا حل اور جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن واستحکام کیلئے ضروری ہے کہ کشمیریوں کو بھی مذاکراتی عمل میں بحیثیت بنیادی فریق شامل کیا جائے۔ کشمیریوں کی حالت زار پر عالمی برادری کی خاموشی کومجرمانہ قرار دیتے ہوئے محمد یاسین ملک نے کہا کہ عالمی برادری کی ایماء و منشاء کے مطابق کشمیریوں نے 2008 میں ایک بار پھر اپنی جدوجہد کو پرامن طور پر استوار کیا اور تشدد سے عدم تشدد کی جانب ایک تاریخی قدم اْٹھایا لیکن بھارت نے اپنی فوجی طاقت استعمال کرکے کشمیریوں کی پرامن تحریک کودبانے کی کوشش کی تاہم عالمی برادری نے بھارت کے اس غیر جمہوری رویے پر خاموشی اختیار کرکھی ہے۔

لبریشن فرنٹ کے چیئرمین نے حالیہ تباہ کن زلزلے میں سینکڑوں لوگوں کے لقمہ اجل بننے پرافسوس کا اظہارکیا ہے۔یاسین ملک نے نیو یارک امریکہ میں کشمیریوں کی آزادی کیلئے ملین مارچ منعقد کرنے پر مارچ کے منتظمین بیرسٹر سلطان محمود چوہدری ،ڈاکٹر غلام نبی فائی اوردیگر کا شکریہ ادا کیا ہے ۔