مقبوضہ کشمیر میں بزرگ سکھ خاتون کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

بدھ 28 اکتوبر 2015 15:22

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اکتوبر۔2015ء)مقبوضہ کشمیر میں بزرگ سکھ خاتون کے قتل کیخلاف ضلع بارہمولہ میں احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ اطلاعات کے مطابق ساٹھ سالہ کندن کور کی لاش ضلع کے علاقے کانیل باغ میں ایک گھر سے ملی جس پر تیز دھار آلے کے زخم کے نشان موجودتھے۔بیسوں مسلمانوں اور سکھوں نے سڑکوں پر نکل کر خاتون کے قتل کے خلاف مظاہرہ کیا ۔

مظاہرین نے خاتون کی لاش بھی اٹھارکھی تھی ۔ مظاہرین خاتون کے قتل میں ملوث افراد کی گرفتاری کا مطالبہ کرر ہے تھے ۔

(جاری ہے)

کشمیر ٹریڈرز اینڈ مینوفیکچررز فیڈریشن نے بھی ایک بیان میں بزرگ سکھ خاتون کے قتل کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کشمیریوں پر قاتلانہ حملوں پر شدید تشویش ظاہر کی ہے ۔ سیاسی تجزیہ کاروں کاکہنا نے ایک سکھ خاتون کا قتل کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کیلئے مقبوضہ علاقے میں فرقہ وارانہ فسادات کا بیج بونے کی ایک سازش ہے ۔

دریں اثنا سی پی آئی ایم کے رہنما اور نام نہاد کشمیر اسمبلی کے رکن محمد یوسف تاریگامی نے کہاہے کہ ہندو انتہا پسند وں آر ایس ایس اور بی جے پی مقبوضہ علاقے کو فرقہ وارانہ بنیادوں پرتقسیم کرنے کی سازش کر رہے ہیں۔