کشمیری عوام نے بھارت کاجابرانہ تسلط مسترد کردیا، مودی سرکاربوکھلاہٹ میں اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے،محمد طاہر کھوکھر

بدھ 28 اکتوبر 2015 16:21

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 اکتوبر۔2015ء) ایم کیوایم آزادکشمیرکے پارلیمانی لیڈر محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ کشمیری عوام نے بھارت کاجابرانہ تسلط مسترد کردیاہے اور مودی سرکاربوکھلاہٹ میں اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے لیکن اسے ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا ‘کشمیری عوام کی قربانیوں کی بدولت آج مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر فلیش پوائنٹ بن چکاہے اور بھارت کشمیر ہاتھ سے نکلتا ہوا دیکھ کر خطہ کو جنگ کی دلدل میں دھکیلنا چاہتاہے جس کاعالمی برادری کو نوٹس لینا چاہیے۔

(جاری ہے)

اپنے ایک بیان میں طاہرکھوکھر نے کہا کہ 27 اکتوبرکشمیرکی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا جب بھارت نے تمام عالمی قوانین کو پامال کرتے ہوئے سرزمین کشمیر پر اپنی فوجیں اتاردی تھیں لیکن کشمیری عوام نے بھی اپنی بے مثال جدوجہد اور قربانیوں سے ثابت کردیاکہ جبر کے زور پر کسی کو غلام نہیں رکھاجاسکتا - دنیا بھرمیں مقیم کشمیریوں نے احتجاج کر کے دنیا کو بتا دیا ہے کہ انہوں نے بھارت کے غاصبانہ قبضے کو تسلیم نہیں کیا اور بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد نہیں کیا- انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیری عوام کی مرضی کے خلاف طاقت کے زور پر مسلسل انہیں غلام بنائے رکھنا امریکہ ‘ اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں کیلئے کھلا چیلنج ہے اگر اقوام متحدہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پرعملدرآمد کروانے میں ناکام رہی تو اس کے حیثیت مشکوک ہو جائے گی- طاہرکھوکھرنے کہا کہ مسئلہ کشمیر حل ہونے تک جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کا خواب کبھی بھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں فوجیں اتار کر عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے اور اب عالمی برادری کا فرض بنتا ہے کہ وہ جنوبی ایشاء میں پائیدار امن کے قیام کیلئے بھارت پر اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کیلئے دباؤ ڈالے ورنہ قیام امن کی تمام کوششیں رائیگاں ہوں گی - انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ تحریک آزادی کشمیر اور کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی دنیا کے ہر فورم پر حمایت کی ہے اور ایم کیوایم کشمیری عوام پر مسلط کئے جانے والے کسی حل کے بجائے ان کی مرضی سے مسئلہ کا حل چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے کسی بھی مذاکرات میں کشمیری عوام کو لازمی فریق کی حیثیت سے شامل رکھا جائے ورنہ مسئلہ کا کوئی بھی حل دیرپا ثابت نہیں ہو گا ا نہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور ایک دن وہ بھی ہماری طرح آزاد فضاؤں میں سانس لیں گے۔