جموں وکشمیر کی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی ہندوانتہا پسندوں کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا؛میر واعظ

ہفتہ 31 اکتوبر 2015 14:07

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 31 اکتوبر۔2015ء)مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ کشمیری عوام جموں وکشمیر کی وحدت کو پارہ پارہ کرنے کی ہندوانتہا پسندوں کی سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شہدا ء کی عظیم قربانیاں تحریک آزادی کا قیمتی اثاثہ ہیں جسے کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق میر واعظ نے کنگن چوک میں ایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جموں وکشمیر کے تمام خطوں کے لوگوں کو اپنے سیاسی مستقل کے فیصلے کا حق دیا جائے جس کے لیے وہ کئی دہائیوں سے قربانیاں دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس وقت جو قوتیں جموں اور لداخ میں ہندوتوا کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے ، جموں وکشمیر کی وحدت اورسالمیت کو توڑنے اور مسلم شناخت کو پارہ پارہ کرنے کی مذموم کوششوں میں لگی ہوئی ہیں، ان کا ڈٹ کر پوری قوت کے ساتھ مقابلہ کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

میرواعظ نے کہا کہ کشمیری گزشتہ ۲۵ برسوں سے بے پناہ قربانیاں دے رہے ہیں جنہیں کسی بھی قیمت پر ضائع ہونے نہیں دیاجائے گا۔میر واعظ نے کہا کہ وہ بھارتی حکمرانوں کو یہ باور کرانا چاہتے ہیں کہ کشمیری اپنی قربانیاں اقتصادی مراعات اورمفادات کیلئے نہیں بلکہ اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کے لیے دے رہے ہیں۔ میر وعظ نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے میں اظہار رائے کی آزادی کے حق کو قطی طو ر پر سلب کر لیا ہے یہاں تک کہ کشمیری مسلمانوں کے دینی معاملات میں بھی روڑے اٹکائے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے اور دنیا کی کوئی طاقت اس مسئلے کی حقیقت کو کمزور نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ضد اور ہٹ دھرمی ترک کر کے تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تناظر میں سہ فریقی مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے اقدامات کرے۔