آزادی پسند وں کے خلاف کریک ڈاؤن قابض حکمرانوں کا اعتراف شکست ہے نعیم خان

کارکن ملین مارچ کی تیاری کریں نیشنل فرنٹ کے چیئر مین کی گفتگو

پیر 2 نومبر 2015 17:14

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2 نومبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئر مین نعیم احمد خان نے آزادی پسند قیادت اور کارکنان کیخلاف بھارتی پولیس کے کریک ڈاؤن کو نریندر مودی اور مفتی سعید کی طرف سے شکست تسلیم کرنے کے مترادف قرادیتے ہوئے کہاہے کہ کارکن ملین مارچ کی تیاری کریں نعیم احمد خان نے ضلع بارہمولہ کے علاقوں ٹن گمرگ، پٹن، سنگھپورہ ،کنزر اور نارہ بل کے دورے کے دوران مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گرفتاریوں اور پابندیوں کے باوجود 7نومبر کو سرینگر میں ملین مارچ بھارت اور اس کے آلہ کاروں کے لیے حتمی شکست ہوگی۔

انہوں نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ملین مارچ کو کامیاب بناکرآر ایس ایس اور اس جیسی مسلم مخالف قوتوں پر واضح کریں کہ جموں وکشمیر کے عوام بھارت سے مکمل آزادی چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے پارٹی کارکنان کو ہدایت دی کہ وہ ملین مارچ کی کامیابی کیلئے عام لوگوں کی رہنمائی کریں اور گرفتاریوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ملین مارچ کی تیاری کریں۔انہوں نے تحریک آزادی سے وابستہ ریاض احمد،طارق احمد ،الطاف احمد،غلام مصطفی وانی،عبد الرشید گلکار،عبد الرحمٰن تانترے،بشیر احمد صالح اور بشیر احمد صوفی سمیت درجنوں رہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاری کی شدید مذمت کی۔

نعیم احمد خان نے کہا کہ کامیاب ملین مارچ سے دنیا تک یہ پیغام جائے گا کہ جموں و کشمیر کے لوگ کشمیر پر بھارت کے فوجی قبضے کیخلاف ہیں۔نعیم احمد خان نے حال ہی میں شہید ہونے والے نوجوانوں ابوقاسم، آفاق اللہ اور عبد المنان کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کی عظیم قربانیاں تقاضا کررہی ہیں کہ ہم استقامت کا مظاہرہ کریں اورجتماعی طور پر ان کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں ۔ انہوں نے کہا کہ شہدا ء کو خراج پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہی ہے کہ ہم ا ن کے مشن کو حصول مقصد تک جاری رکھیں ۔