سید علی گیلانی، میرواعظ عمرفاروق کی آرایس ایس کی مسلم دشمن قراداد کی مذمت

ہم آرایس ایس کی مسلم دشمن ہدایات پر کبھی عمل نہیں کریں گے بیان

پیر 2 نومبر 2015 17:14

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔2 نومبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت نے ہندو انتہاپسند تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کی طرف سے مسلم دشمن قرارداد منظور کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم آرایس ایس کی مسلم دشمن ہدایات پر کبھی عمل نہیں کریں گے۔ بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین میر واعظ عمر فاروق نے اپنے الگ الگ بیانات میں قرارداد کو مسلم دشمن اقدام قراردیا ہے۔

سید علی گیلانی نے کہا کہ مسلمانوں کو آرایس ایس کی ہدایات یا بھارت کی فیملی پلاننگ پالیسی پر عمل نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ قرارداد اقلیتوں کے حوالے سے آرایس ایس کے عدم برداشت اور ان کے خلاف ایجنڈے کوواضح کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم آرایس ایس کی مسلم دشمن ہدایات پر کبھی عمل نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام میں شرح پیدائش پر کوئی پابندی نہیں اور ہم کسی کو مذہبی معاملات میں مداخلت کی اجازت نہیں دیں گے۔

انہوں نے تمام علمائے کرام پرزور دیا کہ وہ بھارت کی مسلم دشمن فیملی پلاننگ کی پالیسی سے لوگوں کو آگاہ کریں۔ آر ایس ایس نے اپنی قرارداد میں بھارتی حکومت سے کہا ہے کہ وہ آبادی کے عدم توازن کو چیک کرنے کے لیے آبادیاتی پالیسی کو دوبارہ مرتب کرے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین میر واعظ عمرفاروق نے کہا کہ آرایس ایس کا ایجنڈا واضح طور پر اقلیتوں با الخصوص مسلمانوں کے خلاف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مذہبی معاملات میں مداخلت کی تمام ہدایات اور قراردادوں کو مسترد کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بھارت فیملی پلاننگ کے لیے مسلمانوں کو مجبور نہیں کرسکتا۔ میر واعظ نے کہا کہ آر ایس ایس ہندوتوا ایجنڈے کے تحت مسلمانوں کی آواز کو دبانا چاہتی ہے اور اس سلسلے میں آرایس ایس کو بی جے پی کی سرپرستی حاصل ہے۔میر واعظ نے کہا کہ وہ جموں و کشمیر کی مسلم شناخت کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آایس ایس کے اقدامات ناقابل قبول ہیں جس کی بھارت اور جموں و کشمیر میں مزاحمت کی جانی چاہیے۔

متعلقہ عنوان :