نریندر مودی انتہاء پسند رجحانات کا حامل شخص ہے، پاکستان کیخلاف ناپاک مہم جوئی شروع کرنے کا بھی خطرہ ہے، سردار محمد یعقوب

منگل 3 نومبر 2015 16:58

پکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 نومبر۔2015ء)صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی انتہا پسند رجحانات کا حامل شخص ہے ۔ جس نے مقبوضہ کشمیر میں نت نئے مظالم شروع کروائے ہیں خطرہ ہے کہ وہ پاکستان کے خلاف کسی بھی ناپاک مہم جوئی کر سکتا ہے ۔ میرے دورے کا مقصد آزاد کشمیر کے عوام کو ممکنہ خطرے سے آگاہ کرنا اور لوگوں کو ایسی مہم جوئی کو ناکام بنانے کے لیے ذہنی طور پر تیار کرنا ہے ۔

میں نے آزاد کشمیر میں زیرو سے سیاست شروع کی اور عروج پر پہنچا ہوں ۔ علاقے میں پہلے معاشی اور اب تعلیمی انقلاب برپا کر دیا ہے ۔ تعلیمی میدان میں پاکستان کا ویژن 2025 دس سال سے پہلے 2015 میں پورا کر دیا ۔ اپنے حلقے کے چپے چپے سے واقف اور عوامی ضروریات سے بخوبی آگاہ ہوں ۔

(جاری ہے)

سردار خالد ابراہیم کی دل سے عزت کرتا ہوں ۔ وہ بڑے آدمی ہیں مگر باتیں چھوٹی کرتے ہیں۔

وہ کہتے ہیں کہ میرے سیاست کا نصب العین صرف سردار محمد یعقوب خان کو شکست دینا ہے ۔ حالانکہ ان کی یہ حسرت پوری نہیں ہو گی ۔ انہیں تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح وبہبود میں میرا مقابلہ کرنا چاہیے ۔ اپوزیشن لیڈر فاروق حیدر اپنے حلقے کے لیے اب تک کوئی کام نہیں کر سکے وہ یہاں آپ لوگوں کی کیا مدد کریں گے ۔ انہیں ہٹیاں بالا کو ضلع بنا کر میں نے دیا ۔

یونیورسٹی کیمپس میں نے دیا ۔ پیپلز پارٹی آئندہ انتخابات کارکردگی کی بنیاد پر جیتے گی اور ایک بار پھر حکومت بنائے گی ۔ حلقہ 3 کی سیٹ میرے عوام جیتیں گے جبکہ حلقہ 4 کی سیٹ میں خود جیتوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یہاں یونین کونسل پکھر کے تفصیلی دورے کے دوران نامنوٹہ ، ریڑھ بن ، پکھر نکہ ، چھوٹی نکر ، کھلی ٹنڈی ، کہوکوٹ اور دیگر مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ 2006 میں آزاد حیثیت سے آپ لوگوں نے مجھے جیتا کر ایک سیٹ دی تو میں نے دو تہائی اکثریت والے وزیراعظم کو گھر بھیج کر وزارت عظمیٰ آپ کو لے کر دکھائی ۔ 2011

میں ایک سیٹ آپ حضرات نے دی تو میں نے اس سے 3 نشستیں حاصل کیں اور خود صدر بن کر دکھایا ۔ ان پر دو وزیرحکومت اور ایک چیئرپرسن پی اے سی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں پونچھ ڈویژن کو اس کی تاریخی اہمیت کے پیش نظر حکومت میں بھرپور نمائندگی دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کی تعمیر و ترقی میں پاکستان پیپلز پارٹی نے نا صرف فنڈز فراہم کئے بلکہ ایسے منصوبے مکمل کیے جس کی تکمیل زیادہ سے زیادہ آبادی مستفید ہو سکے ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ لوگ اپنے مستقبل کو سنوارنے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہو کر اپنا جاندار کردار ادا کریں گے ۔

پکھر میں صدر آزاد کشمیر کی موجودگی میں سینکڑوں افراد نے مسلم لیگ (ن) اور مسلم کانفرنس سے مستعفی ہو کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی جن میں سردار نوید صادق رہنما مسلم لیگ (ن) ،اور مسلم کانفرنس کے سرکردہ کارکن، خالد محمود ، امتیاز محمود ، محمد کامران، عابد حسین ، رحمت حسین ، خرم شہزاد ، محمود اکبر ، اظہر نذیر اور دیگر شامل ہیں۔

نئے شامل ہونے والوں نے صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان، وزیر سماجی بہبود محترمہ فرزانہ یعقو ب پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ اس وقت مسلم لیگ (ن) قیادت کے بحران کا شکار ہیں انہوں نے کہا کہ ریاست میں پارٹی قیادت کو مرکزی قیادت تک رسائی نصیب نہیں ۔ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کا یہاں سے صفایا ہو گیا ہے اس کے کارکن مایوس ہو کر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں انہوں نے کہا پاکستان تحریک انصاف بری طرح چھٹ چکی ہے ۔

بلدیاتی انتخابات کے نتائج سے اس کی مقبولیت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس جماعت کا آزاد کشمیر میں کوئی مستقبل نہیں ہے ۔ اس موقع پر سردار فاروق ، سردار زبیر کریم ، سردار بشارت حسین ، سردار رفیق ، اظہر نذیر ، قاری حمید ، ریاض جبوتی ، سردار جمیل ، سردا ر اختر ، سردار رحمان ، سردار یعقوب ، سردار شاکر ، و دیگر نے خطاب کیا ۔ صدر آزاد کشمیر جب پکھر پہنچے تو ایک بڑے عوامی اجتماع نے بھرپور استقبال کیا انہیں ہار پہنائے گئے اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔