مجید حکومت ناکامیاں چھپانے کیلئے دانستہ تنازعات پیدا کر کے عوام کی توجہ مسائل سے ہٹانا چاہتی ہے،محمد طاہر کھوکھر

منگل 3 نومبر 2015 16:58

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔3 نومبر۔2015ء)ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر محمد طاہر کھوکھر نے کہا ہے کہ مجید حکومت اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے دانستہ تنازعات پیدا کر کے عوام کی توجہ مسائل سے ہٹانا چاہتی ہے۔ وزیراعظم قوم کو بتائیں کہ انہوں نے پانچ سالوں میں عوام کو کیا دیا، روزگار کے کتنے مواقع پیدا کیے، خطہ میں کتنی سرمایہ کاری ہوئی، غربت کے خاتمہ کے لیے کیا کیا، تعلیم اور صحت کی ترقی کے لیے کیا اقدامات اٹھائے گئے، متاثرین زلزلہ کی بحالی کے لیے کیا اقدامات اٹھائے، حکومت کی نااہلی کا یہ عالم ہے کہ دس برس بعد زلزلہ میں معذور ہونے والے افراد آج احتجاج کا راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہیں۔

یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم آزادکشمیر کے پارلیمانی لیڈر محمد طاہر کھوکھر نے کہا کہ خالی دعوؤں اور اعلانات سے عوام کا پیٹ نہیں بھرا جا سکتا۔

(جاری ہے)

حکمرانوں کو جواب دینا ہو گا کہ انہوں نے عوام کے لیے کیا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے افسوس ہے کہ بحیثیت وزیر ٹرانسپورٹ انہوں نے عوامی فلاح و بہبود کے لیے جو اقدامات اٹھائے ، عوامی حقوق کے تحفظ کی جنگ لڑی وزارت چھوڑنے کے بعد حکومت نے سب سے پہلے ان اقدامات کو سبوتاژ کیا۔

اگر گرین کیب سکیم جس کے لیے انہوں نے تین سال تک جدوجہد کی شروع ہوتی تو اس میں میرا کوئی فائدہ نہیں تھا بلکہ ہزاروں نوجوانوں کو روزگار ملتا۔جنرل ایکسیڈنٹ انشورنس سے فائدہ ایک عام غریب آدمی اٹھا رہا تھا جسے دانستہ متنازعہ بنایا گیا اور غریب عوام کو معاوضہ جات سے محروم کیا گیا۔ طاہر کھوکھر نے کہا کہ ایم کیو ایم خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔ وہ اپوریشن میں رہ کر عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کرتے رہیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ حکمرانوں کا احتساب کریں اور ان سے پوچھیں کہ انہوں نے پانچ سالوں میں عوام اور ریاست کے لیے کیا کیا۔