غیر قانونی طور پر نظر بندحریت رہنماؤں، کارکنوں کو غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے، میر واعظ عمر فاروق

ہفتہ 14 نومبر 2015 12:25

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔14 نومبر۔2015ء) چیئرمین کل جماعتی حریت کانفرنس میرواعظ عمر فاروق نے غیر قانونی طورپر نظربند تمام حریت رہنماؤں ، کارکنوں اور نوجوانوں کی غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہے کہ جموں وکشمیر کو عملاً ایک جیل میں تبدیل کردیاگیا ہے ۔ سرینگر میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میر واعظ نے کہاکہ کشمیر کو عملاً ایک جیل میں تبدیل کر دیاگیا ہے اور کشمیری عوام کے تمام حقوق کو طاقت کے بل پر سلب کرنا کٹھ پتلی انتظامیہ کی پالیسیوں کا حصہ ہے ۔

انہوں نے شہید طالب علم گوہر احمد ڈار کوزبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جاری تحریک آزادی کے دوران شہید گوہر جیسے ہزاروں نوجوانوں نے جس عظیم مشن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اسے ہر قیمت پر منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

(جاری ہے)

میرواعظ نے افسوس ظاہر کیاکہ صرف گزشتہ ایک برس کے دوران 40بار شہر خاص میں کرفیو نافذ کیا گیا اور 11مرتبہ جامع مسجدمیں نماز جمعہ کی ادائیگی پر پابندی عائد کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ پورے کشمیر کو ایک بڑے جیل خانے میں تبدیل کر دیا گیا ہے ، نہتے عوام کے خلاف گولیاں ، پیپر گیس ، پیلٹ گن اور دیگر مہلک کیمیکلز کا بے تحاشہ استعمال کیا جا رہا ہے اور خصوصاً شہر خاص کو نشانہ بنا کر کشمیری عوام کوانکی حق پر مبنی جدوجہدآزادی سے وابستگی کی سزا دی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کو عوام کو درپیش مشکلات اور مسائل سے کوئی سروکار نہیں کیونکہ وہ صرف اقتدار کے بھوکی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اگر کشمیری عوام پر ظلم و بربریت کا سلسلہ بند نہیں کیا جاتا تو بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ انتظامیہ نے کشمیری عوام کے خلاف ایک جنگ چھیڑ رکھی ہے اورمعمولی واقعات کو بہانہ بنا کر حریت رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاریوں اور نظربندیوں کا سلسلہ شروع کردیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کشمیری عوام خصوصاً شہر خاص کے حریت پسند عوام کے جذبہ آزادی اور تحریک کے تئیں ان کے غیر متزلزل وابستگی پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام کا قتل عام ، گرفتاریاں ، قدغنیں ، کرفیو ، پر تشدد کاروائیاں اور نہتے مظاہرین پر ظلم و بربریت روزکامعمول بن چکا ہے ۔ میرواعظ نے کہا کہ کشمیر کی جملہ آزادہ پسند جماعتوں ، علمائے کرام ، دینی جماعتوں ، تجارتی انجمنوں ، وکلاء ،سول سوسائٹی اور سٹوڈنٹس یونینز کا ایک غیر معمولی اجلاس آئندہ ہفتے بلایا گیا ہے جس میں ایک موثر حکمت عملی وضع کرنے پر غو و خوض کیا جائے گا۔ انہوں نے غیر قانونی طور پر نظربند تمام حریت رہنماؤں،کارکنوں اور نوجوانوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔دریں اثناء حریت کانفرنس کے ترجمان نے ایک بیان میں حریت رہنما مختار احمد وازہ کو گرفتار کر کے شیر باغ تھانہ اسلام آباد میں نظربند کرنے کی شدیدمذمت کی ہے ۔

متعلقہ عنوان :