بھارت کی پیرا ملٹری فورسز مقبوضہ کشمیر میں وار کرائمز میں ملوث ہے ‘وزیراعظم آزاد کشمیر

بدھ 18 نومبر 2015 16:19

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔18 نومبر۔2015ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ بھارت کی پیرا ملٹری فورسز مقبوضہ کشمیر میں وار کرائمز میں ملوث ہے اس کے خلاف بین الاقوامی عدالت انصاف میں مقدمات درج کروائیں گے۔ بھارتی پیرا ملٹری فورسز خواتین کے خلاف مظالم کو جنگی حربے کے طور پر استعمال کررہی ہے جو مہذب دنیا کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے آزادی پسنددنیا سے کہا کہ وہ بین الاقوامی دہشت گرد بھارت کو ریاستی دہشت گردی کے ذریعے کشمیریوں کے بنیادی حقوق غصب کرنے سے باز رکھے۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ میں بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حریت پسند عوام نے بھارت کے غیر قانونی قبضے کو مسترد کرکے بھارت کے جابرانہ تسلط سے آزادی حاصل کرنے کے لیے جو جدوجہد شروع کررکھی ہے طاقت کے تمام ریاستی ہتھکنڈے ناکام ہونے پربھارت نے انسانیت کے قتل عام کا سلسلہ شروع کررکھا ہے ،خواتین کے کینگ ریپ،نوجوان نسل کی پراسرار ہلاکتیں، زیر حراست ہلاکتیں،نوجوان نسل کی ٹارگٹ کلنگ اور رسوائے زمانہ قوانین کے ذریعے بے گناہ انسانوں کا قتل عام دنیا کے منصفوں کے لیے چیلنج بن چکا ہے اقوام عالم مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کا قتل عام بند کروائیں اور مقبوضہ ریاست کے عوام کو بھارتی قید سے آزاد کروائیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ تحریک کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں پیپلزپارٹی کی حکومت مقبوضہ کشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ ہیں مقبوضہ کشمیر کے عوام ہمارے وجود کا حصہ ہیں انہیں بھارتی تسلط سے آزادی دلوانے کے لیے ہر بین الاقوامی فورم کا دروازہ کھٹکٹھا رہے ہیں تحریک آزادی کے بیس کیمپ کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

پیپلزپارٹی کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم آزاکشمیر نے کہاکہ پارٹی لیڈر شپ کے ویژن کو عملی جامہ پہنا رہے ہیں پیپلزپارٹی عقیدے، نظریے اور عوامی حقوق کا تحفظ کا نام ہے عوامی حقوق پر کبھی کمپرومائز نہیں کریں گے پسماندہ اور غریب عوام ہماری طاقت ہیں۔پیپلزپارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو نے خود کو کشمیریوں کے لیے وقف کیے رکھا۔

آج کشمیر کی برف پوش چوٹیوں سے جیئے بھٹو کے نعرے بلند ہورہے ہیں چیئرمین بلاول بھٹو پاکستان کا مستقبل ہیں ۔پیپلزپارٹی حکومت نے آزادکشمیر میں استحصالی کلچر کو جنم دینے والی مورثی سیاست کو ختم کرکے عوامی ترقی وخوشحالی کے لیے میگا پراجیکٹس دیئے اور مزید پراجیکٹس دیں گے۔2016کے انتخابات میں دوتہائی اکثریت سے جیتیں گے عوامی فلاحی ایجنڈے کی تکمیل کرکے رہیں گے-