خواجہ محمد اسراہیل ساتھیوں سمیت مسلم کانفرنس سے مستعفی ہو کر پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے، چودھری عبدالمجید کی مبارکباد

جمعرات 19 نومبر 2015 14:45

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 نومبر۔2015ء)وادی نیلم سے مسلم کانفرنس سے مستعفی ہوکر خواجہ محمد اسراہیل نے اپنے ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر میں شمولیت کا اعلان کیا۔ مسلم کانفرنس کے سیکرٹری جنرل خواجہ محمد اسراہیل نے اپنے ساتھیوں (ر) ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نواب دین ،ریٹائرڈ پرنسپل حافظ محمد مقبول ڈار،ریٹائرڈ صدر معلم محمد اشرف ،نمبردار محمد فرید مغل،نمبردار ضیاء الدین،محمد آصف مغل اور درجنوں ساتھیوں سمیت پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر نے شمولیت کرتے ہوئے صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر ووزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید کی قیادت پر بھرپور اعتماد کااظہار کیا۔

آزادکشمیر کے وزیر تعلیم میاں عبدالوحید،وزیر صحت قمرالزمان، وزیراعظم کے پی آرو راجہ سعد اقبال بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

دیگر جماعتوں سے مستعفی ہوکر پیپلزپارٹی میں شمولیت کرنے والے سیاسی کارکنوں کو وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری عبدالمجید نے مبارک باددی اور خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کے عوام کی معاشی ترقی وخوشحالی ہمارا سیاسی ایجنڈا ہے یہی پیپلزپارٹی کا ویژن وماٹو ہے جس کو عملی جامہ پہنایا جارہا ہے۔

ہم نے تعمیر وترقی کے لیے جومیکانیزم اختیار کررکھا ہے اس سے دور دراز پسماندہ علاقوں کے عوام کو بھی شہر جیسی سہولتیں مہیا ہوسکیں گی۔وزیراعظم نے کہاکہ پیپلزپارٹی انسانیت کی فلاح وبہبود پر یقین رکھتی ہے ماضی کے حکمرانوں نے پسند وناپسند کو اپنامعیار بنایا اور آزادکشمیر کو کھنڈرات میں بدل دیا عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ نہ دیا۔پیپلزپارٹی نے عوامی ترقی وخوشحالی کے لیے جو اقدامات کیے وہ تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ فیشن کے طور پر حکومت پر الزامات لگانے والوں کی سیاست دم تو چکی ہے ۔جارحانہ اینگز کھیلنے والے کلین بولڈ ہوں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ ہم عقیدے اور نظریے کی سیاست کرتے ہیں انسانیت کی فلاح وبہبود اور عوامی حقوق کا تحفظ ہی ہمارا ماٹو ہے شہید جمہوریت محترمہ بے نظیر بھٹو ہمارا سیاسی رول ماڈل ہیں شہید جمہوریت کے ویژن کو عملی جامہ پہناکررہیں گے۔تاریخ کو مسخ کرنے والے جان لیں کہ پیپلزپارٹی ہی عوامی عدالت سے سرخرو ہوگی اور دوبارہ حکومت بنا کر تحریک آزادی کے بیس کیمپ میں عوامی خوشحالی کے ایجنڈے کی تکمیل کرے گی اور آزادکشمیر کو مکمل فلاحی معاشرے میں بدل دیگی۔