مرکزی سیرت کمیٹی نے ”میلادمناؤ،امن ومحبت پھیلاؤ“کے عنوان سے جشن عیدمیلادالنبیﷺمنانے کا اعلان کردیا

جمعرات 19 نومبر 2015 14:46

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 نومبر۔2015ء) مرکزی سیرت کمیٹی نے ”میلادمناؤ،امن ومحبت پھیلاؤ“کے عنوان سے جشن عیدمیلادالنبیﷺ بھرپورعقیدت واحترام اور تزک و احتشام سے منانے کا اعلان کرتے ہوئے مشاورتی کونسل کا اجلاس بلانے کافیصلہ کیاہے۔جلدہی اہلسنت کی تمام تنظیموں کامشترکہ اجلاس منعقدکرکے جشن عیدمیلادالنبیﷺمنانے کاحتمی لائحہ عمل ترتیب دیاجائے گا۔

مرکزی سیرت کمیٹی کے سیکرٹری جنرل عتیق احمد رضانے بتایاکہ مرکزی سیرت کمیٹی حسب سابق جشن عیدمیلادالنبیﷺمنانے کے لئے بھرپوراقدامات اٹھائے گی۔جشن عیدمیلادالنبیﷺ کے سلسلہ میں حسب سابق محافل میلادالنبیﷺ کا انعقاد،درودوسلام کی کثرت،لوگوں کی تکلیفیں دورکرنے اورایک دوسرے کی بھلائی کے کاموں میں معاونت کرنے کی ترغیب دلانے جیسے اقدامات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

(جاری ہے)

عتیق رضاکاکہناتھاکہ اللہ کریم نے ساری کائنات کو اپنے محبوب ﷺ کے وجودمسعودکی برکت سے ہی وجودبخشاہے۔حضور رحمت عالمﷺ کل عالمین کے لئے باعث رحمت اور باعث فخرو نعمت عظمیٰ ہیں،آپﷺ کی ولادت باسعادت کی خوشیاں مناکر پوری دنیاکے مسلمان اللہ کے حضور سجدہ شکربجالاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حضورسرورکائنات صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت کل عالمین پرمحیط ہے،امت کا ہرفردآپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی رحمت سے فیضیاب ہوسکتاہے لیکن مسلم امہ حضورنبی رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے دوری اور آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات سے روگردانی کے سبب رسواہوارہی ہے۔

مسلمان نبی رحمت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا دامن رحمت تھام کر تما م مسائل سے نجات پاکردنیاوآخرت میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین پر لازم ہے کہ وہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات پر مکمل عمل پیراہوں۔صلوٰة وسلام کی کثرت کریں تاکہ حسنات وبرکات حاصل کرسکیں۔