کشمیر پی ٹی آئی کے کارکن پہلے عوامی رابطہ مہم ،پھر انتخابی تیاریاں شروع کریں ،بیرسٹر سلطان محمود

جمعرات 19 نومبر 2015 17:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔19 نومبر۔2015ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و کشمیر پی ٹی آئی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ کشمیر پی ٹی آئی کے کارکن پہلے عوامی رابطہ مہم اور پھر انتخابی تیاریاں شروع کریں کیونکہ اگلے ماہ سے سیاسی اور انتخابی معاملات شروع ہونے والے ہیں تاہم اس سلسلے میں افسوسناک ہے کہ ابھی تک دونوں حکومت حکومتیں آزاد کشمیر میں چیف الیکشن کمشنر مقرر کرنے کے سلسلے میں اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برا ء نہیں ہو سکی ہیں۔

اس سے پتا چلتا ہے کہ یا تو دونوں حکومتیں انتخابات کے بارے میں سنجیدہ نہیں ہیں اور نہ ہی چیف الیکشن کمشنر کو مقررکرنے کے بارے میں سنجیدہ نظر آتی ہیں کیونکہ وہ نوجوانوں کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنا چاہتی ہیں۔

(جاری ہے)

تاہم نوجوان اپنا حق لینا جانتے ہیں اور اگر زیادہ عرصہ انھوں نے اس مسئلے کو طول دینے کی کوشش کی بھی تو کشمیر پی ٹی آئی کسی بھی احتجاجی تحریک کا اعلان کر سکتی ہے۔

کشمیر پی ٹی آئی کے آرگنائزررکنیت سازی کا مرحلہ 30 نومبر تک مکمل کریں تاکہ تنظیمی امور کا سلسلہ شروع کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج یہاں اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پرکشمیر پی ٹی آئی ہٹیاں بالاکے ایک وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفود میں راجہ عظیم زاہد ایڈووکیٹ،محمد اسحق طاہر،اخلاق خان، لطیف رضا، نصیر قریشی، راجہ ندیم، طیب منظور، معروف چوہدری، ظفر اقبال، زاہد فرید اور دیگر بھی شامل تھے۔

اس موقع پر کشمیر پی ٹی آئی کی رکنیت سازی مہم کے انچارج سردار امتیاز خان بھی موجود تھے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں اندھیری رات ختم ہو نے والی ہے اور اجالا ہونے والا ہے اور پیپلز پارٹی تو اب قصہ ء پارینہ بن چکی ہے جبکہ مسلم لیگ ن پاکستان میں کرپشن کی وجہ سے بدنام ہو رہی ہے بلکہ عنقریب احتساب کے عمل میں آنے والی ہے اور اسی طرح آزاد کشمیر میں بھی کرپٹ عناصر کو متنبہ کرتا ہوں کہ انھوں نے جو کرپشن کا بازار گرم کر رکھا ہے تو انہیں ایک ایک پائی کا حساب دینا پڑے گا۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ عمران خان کا پیغام گھر گھر پہنچائیں، تعلیم، صحت ، اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور نوجوانوں کو با اختیار بنایا جائے گا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ آزاد کشمیر میں نہ صرف تبدیلی آئے بلکہ تبدیلی نظر بھی آئے۔اس موقع پر انھوں نے آرگنائزنگ کمیٹی کے ممبران کو ہدایت کی کہ وہ رکنیت سازی کا مرحلہ 30 نومبر تک مکمل کریں تاکہ کشمیر پی ٹی آئی کے تنظیمی امور کا سلسلہ شروع کیا جا سکے تاکہ بعد میں انتخابی عمل کو آگے بڑھایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :