ایم سی ڈی پی منصوبوں کی عدم تکمیل ،حکومتی غفلت کے باعث عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ،بیرسٹر افتخار علی گیلانی

ہفتہ 21 نومبر 2015 15:55

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 نومبر۔2015ء)مسلم لیگ ن کے رکن قانون ساز اسمبلی آزادکشمیر بیرسٹر افتخار علی گیلانی نے کہا ہے کہ ایم سی ڈی پی منصوبوں کی عدم تکمیل اور حکومتی غفلت کے باعث عوام شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں موجودہ حکمرانوں کی نا اہلی نے عوام کو مسائل کے بھنور میں دھکیل رکھا ہے ناقص منصوبہ بندی اور حکمت عملی منصوبوں کی تکمیل میں بڑی رکاوٹ ہے پیپلز پارٹی کے حکمران کرپشن ، لوٹ مار میں اتنے کھو چکے ہیں کہ انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں رہی سیٹھی باغ سڑک کی تعمیر کا کام جلد از جلد مکمل ہونا چاہیئے اس معاملہ پر کوتاہی برداشت نہیں کرینگے ان خیالات کا اظہار انہوں نے دارالحکومت کے علاقہ سیٹھی باغ میں سڑک کے تعمیراتی کام کے دورہ کے موقع پر عوام علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر انکے ہمراہ نیسپاک کے حکام بھی موجود تھے جنہوں نے رکن اسمبلی کو جاری تعمیراتی کام کے بارے میں بریفنگ دی اس موقع پر عوام علاقہ نے منتخب رکن اسمبلی کو اپنے تحفظات اور مسائل سے آگاہ کیا ۔

(جاری ہے)

بیرسٹر افتخار نے کہا کہ موجودہ حکومت نے گزشتہ چار سالوں کے دوران عوام کو مشکلات کے سوا کچھ نہیں دیا تعمیراتی منصوبوں پر ہماری جدوجہد کے بعد کام شروع کیا گیا لیکن حکومتی ناقص منصوبہ بندی اور حکمرانوں کی نا اہلی کے باعث بیشتر منصوبہ عرصہ گزر جانے کے بعد بھی پائیہ تکمیل تک نہیں پہنچ سکے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے دارالحکومت کے مسائل کی آواز ہر فورم پر بلند کی جسکے بعد حکمران عوامی منصوبہ جات پر کام کرنے پر مجبور ہوئے موجودہ حکمرانوں کو عوامی مسائل کا کوئی احساس نہیں ہے عیاشیوں اور اللے تللوں میں وقت ضائع کرنیوالے حکمرانوں کا انجام قریب ہے آزادکشمیر کے عوام انہیں نشان عبرت بنائیں گے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے وفاق کی سطح پر آزادکشمیر کے مسائل کو اجاگر کیا ہے جسکے ثمرات جلد عوام تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے دارالحکومت کی تعمیر و ترقی کے منصوبہ جات میں کسی بھی قسم کی غفلت اور لاپرواہی نہیں برتیں گے عوامی مشکلات کے خاتمہ کیلئے تمام ممکنہ وسائل فراہم کئے جائینگے دارالحکومت کے عوام کو مشکلات میں دھکیلنے والے حکمرانوں کو شرم آنی چاہئے۔