(ن) لیگ آزاد خطہ میں غیر روایتی حکومت قائم کر کے حقیقی معنوں میں تبدیلی لانا چاہتی ہے،راجہ محمد فاروق حیدر

آزاد کشمیر میں سیاسی سوجھ بوجھ ،ویژن رکھنے والے لوگ جوق درجوق مسلم لیگ(ن) میں شامل ہو رہے ہیں، تقریب سے خطاب

منگل 24 نومبر 2015 17:28

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔24 نومبر۔2015ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کے صدر ، سابق صدر و وزیراعظم و قائد حزب اختلاف راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر آمدہ انتخابات میں دوتہائی اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے آزاد خطہ میں ایک غیر روایتی حکومت قائم کر کے حقیقی معنوں میں تبدیلی لانا چاہتے ہیں تاکہ تمام لوگوں کو یکساں طور پر میرٹ اور انصاف کی فراہمی ممکن ہوسکے اور یہی وجہ ہے کہ آزاد کشمیر بھر سے سیاسی سوجھ بوجھ اور ویژن رکھنے والے لوگ جوق درجوق مسلم لیگ(ن) میں شامل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے تھے کہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں اپنا وجود قائم رکھتی لیکن فریال تالپوری حکومت نے اپنے عرصہ اقتدار میں کرپشن بیڈگورننس، اقرباپروری اور اپنے ماسٹرز کو خوش رکھنے کے علاوہ آزاد کشمیر کے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا یہی وجہ ہے کہ آج پیپلز پارٹی سے درینہ وابستگی رکھنے والے لوگ پیپلز پارٹی کوچھوڑ کر مسلم لیگ(ن) میں شمولیت اختیار کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق مشیر و ممبرقانون ساز اسمبلی سردار عارف خان کے حقیقی بھائی سردار محمد صابر خان، سابق وزیر حکومت سردار اختر ربانی (مرحوم) کے دست راست اور پی آر اوسردار محمد حفیظ، پیپلز پارٹی گہل گجن کے مرکزی رہنما حافظ محمد وحید، سردار شوکت، صوبیدار ملازم حسین، سردار سوار اعجاز،سردار صدیق خان،سردار اشفاق خان، سہر حافظ آباد سے سردار صغیر خان،سردار منیر اور سہر ہنجال کوٹ سے کیپٹن نذیر کی اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم لیگ(ن) میں باضابطہ شمولیت کے موقع پر منعقد ہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔

اس موقع پر ممبر قانون ساز اسمبلی سردار فاروق طاہر، سابق ممبر کشمیر کونسل ملک پرویز اعوان، پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں وکشمیر کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل سردار عبدا لخالق وصی، رابطہ سیکرٹری ذوالفقار علی ملک، سردار غفور خان اور دیگر مسلم لیگی عہدیداران و کارکنان بڑی تعداد میں موجو د تھے۔ راجہ محمد فاروق حیدر خان نے مسلم لیگ(ن) میں نئے شامل ہونے والوں کو وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوا زشریف، سالارجمہوریت سردار سکندر حیات خان اور اپنی جانب سے مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) میں ان کے عزت نفس کا ہمیشہ خیال رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ1947میں پونچھ کی قیادت نے قوم کو دو بیرسٹرز(غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان اور سردار یار محمد خان) نمائندگی کیلئے دئیے اور بعد میں بھی بڑے قد آور لوگ جن میں کرنل منشاء خان، کرنل نقی خان، مولانا محمد یوسف جیسے اکابر پونچھ کی نمائندگی کرتے رہے ہیں لیکن آج قحط الرجال کا یہ عالم ہے کہ پونچھ کے لوگوں کی نمائندگی حاجی یعقوب خان جیسا ناخواندہ شخص جس نے کسی کالج یونیورسٹی کا منہ تک نہیں دیکھا آج یونیورسٹیاں اور میڈیکل کالجز بنانے کے دعوے کرتا ہے اور سردار خالد ابراہیم خان جیسا اصول پسند آدمی پارلیمنٹ سے باہر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ(ن) ایک صاف شفاف حکومت قائم کرے گی۔ممبر قانون ساز اسمبلی سردار فاروق طاہر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں مسلم لیگ(ن) کی قیادت پر مکمل اعتما ہے اور ہم یقین کیساتھ کہہ سکتے ہیں کہ آگے چل کر آزاد کشمیر میں تعمیر وترقی کا بیڑا اٹھائے گی اورلوگوں کے مسائل ان کے دہلیز پر حل ہونگے۔