مظفرآباد کو خوبصورت بنانے کیلئے صفائی مہم کا آغاز کردیا ،تمام ادارے حصے لے رہے ہیں،سردار جاوید ایوب، سردار مبارک حیدر

مہم کا مقصد صفائی وستھرائی سے متعلق شہریوں میں شعور بیدار کرنا ہے، مخصوص سیاسی گروہ ہر قومی مہم کی مخالفت کرتا ہے،جوشہر کی تعمیروترقی ،عوامی مسائل کے حل میں اصل رکاوٹ ہے، میڈیا سے گفتگو

جمعرات 26 نومبر 2015 17:33

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 نومبر۔2015ء)آزادکشمیر کے وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب اور ایڈمنسٹریٹر بلدیہ سردار مبارک حیدر نے کہا ہے کہ دارالحکومت مظفرآباد کو خوبصورت بنانے کے لیے صفائی مہم کا آغاز کیا گیا ہے، جس میں تمام ادارے حصے لے رہے ہیں، اس مہم کا مقصد صفائی وستھرائی سے متعلق شہریوں میں شعور بیدار کرنا ہے، مظفرآباد کی تعمیر وترقی میں وزیراعظم چوہدری عبدالمجید اور وزیر خزانہ چوہدری لطیف اکبر بھرپور دلچسپی لے رہے ہیں، مظفرآباد کے عوام کی بدقسمتی ہے کہ یہاں مخصوص سیاسی گروہ ہر قومی مہم کی مخالفت کرتا ہے، سیاسی ذہنی مریضوں کا یہ گروہ شہر کی تعمیروترقی اورعوامی مسائل کے حل میں اصل رکاوٹ ہے ، صفائی مہم پر سیاست کرنے والے عوام کے خوفزدہ نہیں، مظفرآباد شہر کے عوام، تاجران اور تمام مکاتب فکر کی طرف سے صفائی مہم میں بھرپور حصہ لینے کا خیرمقدم کرتے ہیں، ان خیالات کااظہار انہوں نے کلین مظفرآباد مہم کے سلسلہ میں طارق آباد، گلشن علاؤ الدین اور دیگر مقامات پر جاریہ صفائی مہم کے معائنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا، وزیر جنگلات سردار جاوید ایوب کا کہنا تھا کہ بلدیہ مظفرآبادکی کارکردگی لائق تحسین ہے، یہ ادارہ محدود وسائل کے باوجود شہر کی صفائی وستھرائی کے لیے بھرپور کردار ادا کررہاہے، کلین مظفرآباد مہم میں بلدیہ سمیت دیگر سرکاری اداروں کی کارکردگی مثالی رہی ہے کلین مظفرآباد مہم کو اس کی روح کے مطابق کامیاب بنانے کے لیے شہری اداروں سے تعاون کریں، شہریوں کے تعاون سے مظفرآباد شہر کوصاف ستھرا رکھنے میں بڑی مدد مل سکتی ہے،ان کا کہنا تھا کہ اس مہم کا بنیادی مقصد شہریوں میں شعو راجاگر کرنا ہے، عملی کام کے ساتھ ساتھ شہریوں میں شعور بیدار کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے ہیں، اس چہرے کو خوبصورت بنانا ہمارا مشن ہے، دارالحکومت کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے شہری اورتاجر بلدیہ سے تعاون کریں، اس تعاون کے نتیجہ میں صفائی وستھرائی کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے، اور وزیراعظم وزیرخزانہ کی ہدایت وخواہش کے مطابق خدمت وعمل کا سفر جاری رکھیں گے، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ندیم جنجوعہ، مجسٹریٹ بلدیہ سید سجاد حسین شاہ، چیف آفیسر سید قمر عباسی ، سیکرٹری سید شکیل گیلانی اورمیڈیا کنسلٹنٹ ہارون مظفرقریشی بھی موجود تھے۔