گرگٹ کی طرح رنگ بدلنا ہندو نواز جماعتوں کا شیوہ ہے‘ میر واعظ

پیر 7 دسمبر 2015 13:20

اننت ناگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن07دسمبر۔2015ء) کل جماعتی حریت کانفرنس ”ع“ گروپ کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کشمیر میں ہندو نواز سیاسی جماعتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ وقت بدلنے کے ساتھ ساتھ اپنی بولی بھی بدلتے رہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ”آج یہ جماعت آزادی اور خودمختاری کی بات کرتی ہے لیکن جب اقتدار حاصل تھا تو سرکاری دہشت گردی کا بدترین مظاہرہ کر کے کشمیری نوجوانوں کے قتل عام اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی مرتکب ہوتی رہی ، انہوں نے کہا کہ کشمیر کی مزاحمتی قیادت اور نوجوان نسل کو پشت بہ دیوار کرنے انہیں گرفتار کرنے اور ہماری مذہبی سیاسی اور سماجی سرگرمیوں پر قدغن لگانے کی پالیسی پر گامزن ہے۔

حریت چیئرمین نے کہا کہ جموں کشمیر مسلم اکثریتی ریاست ہونے کے باوجود سرکار اور فرقہ پرست قوتیں ہندتوا ایجنڈا آگے بڑھانے کیلئے سرگرم عمل ہیں اور آج خطہ چناب‘ جموں‘ پونچھ‘ راجوری وغیرہ میں مسلمان عدم تحفظ کا شکار ہیں۔