ضلع میرپورمیں پولیومہم کوہرممکن کامیاب کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں‘ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ میرپور

بدھ 9 دسمبر 2015 15:07

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔09 دسمبر۔2015ء)ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹراصغرعلی چوہدری اورڈسٹرکٹ مجسٹریٹ چوہدری امجداقبال نے کہاہے کہ ضلع میرپورمیں پولیومہم کوہرممکن کامیاب کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ضلع میرپورمیں 14 سے 16 دسمبرتک پولیوڈے منایاجارہاہے جس میں پانچ سال تک کے عمرکے 77140 بچوں کوپولیوسے بچاؤکے حظاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔

ضلع بھرمیں 191 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جوگھرگھر جاکر پانچ سالوں کے بچوں کوپولیوکے حفاظتی قطرے پلائیں گے۔ اس سلسلہ میں ضلعی ، تحصیل، کارپوریشن، میونسپل کمیٹیوں، ٹاؤن کمیٹیوں اور یونین کونسلوں کی سطع پربنائے جانے والی کمیٹیوں کوبھی ہدایت کی گئی کہ وہ اس قومی کاز میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیں اور پولیومہم کوہرصورت سوفیصد کامیاب کریں۔

(جاری ہے)

پولیومہم کے دوران ضلع کے تمام داخلی وخارجی راستوں سمیت اہم مقامات پربھی پولیوسے بچاؤکے حفاظتی قطرے پلانے کے لیے ٹیمیں موجود ہونگی۔ عوام الناس پولیومہم کی کامیابی کے لیے محکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ آزادکشمیرجوگذشتہ 16 سالوں سے پولیوفری ہے اور آئندہ بھی پولیوفری ہی رہے۔ ان خیالات کااظہارانھوں نے پولیومہم کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرڈپٹی کمشنرچوہدری امجداقبال ، ایس پی چوہدری منشی خان، ایڈیشنل ڈی ایچ او ڈاکٹرروبینہ عدالت، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ڈاکٹراحتشام الحق، پروگرام کوآرڈینیٹرڈاکٹرفرحت ایوب، ڈاکٹرماریہ ذوالفقار، انفارمیشن آفیسرمحمدجاوید ملک اورمحکمہ تعلیم کے افسران بھی موجود تھے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرڈاکٹراصغرعلی چوہدری نے بتایاکہ ضلع میرپورکی کل آبادی 482120 ہے جس میں 77140 پانچ سال تک بچے ہیں جن کوحفاظتی پولیوکے قطرے 14 سے 16 دسمبرتک پلائے جائیں گے۔

حفاظتی قطرے پلانے کے لیے 191 موبائل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔ انھوں نے عوام الناس سے کہاکہ وہ پولیومہم کے دوران محکمہ صحت عامہ کی ٹیموں کے ساتھ بھرپورتعاون کریں اور اپنے بچوں کوپولیوکے حفاظتی قطرے پلاکرپولیوکی بیماری سے محفوظ بنائیں۔ ڈپٹی کمشنرچوہدری امجداقبال نے کہاکہ پولیوایک موذی مرض ہے اس مرض کے خاتمے کے لیے بین الاقوامی سطع پربھرپورکوششیں کی جارہی ہیں۔

ہمیں بحیثیت ایک ذمہ دارقوم اور شہری ہونے کے ناطے اس مہم کوہرصورت کامیاب کرناہے۔ انھوں نے کہاکہ انتظامیہ پولیومہم کوکامیاب بنانے کے لیے ہرممکن تعاون کرے گی۔ پولیوٹیمیں شہرکے تمام سیکٹروں سمیت سکولوں ، لاری اڈوں ، انٹری پوائنٹس، یونین کونسلوں اور دوردراز مضافات تک لوگوں کے گھروں میں جاکرپولیوکے قطرے بچوں کو پلائیں اس سلسلہ میں کسی بھی جگہ کوتاہی یالاپرواہی نہ برتی جائے۔ انھوں نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرسے کہاکہ پولیومہم کے خاتمے پرمکمل رپورٹ تیارکی جائے تاکہ پتہ چل سکے کے ضلع کے 77140 بچوں میں سے کتنے بچے رہ گئے ہیں جن کوپولیوکے حفاظتی قطرے نہیں پلائے گئے۔انھوں نے کہاکہ پولیوقطرے پلانے کی مہم سوفیصد کی جائے اور مقررہ اہداف حاصل کیے جائیں۔