تارکین وطن آزاد خطے کے اندر سرمایہ کاری کریں موجودہ حکومت تارکین وطن کو بھرپور سہولیا ت مہیا کرے گی‘یاسر ممتاز چوہدری

پیر 21 دسمبر 2015 13:45

برمنگھم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔21 دسمبر۔2015ء)میڈیا ایڈوائزر برائے وزیر اعظم ریاست آزاد جموں وکشمیر یاسر ممتاز چوہدری نے کہا کہ تارکین وطن آزاد خطے کے اندر سرمایہ کاری کریں موجودہ حکومت تارکین وطن کو بھرپور سہولیا ت مہیا کرے گی۔ آزاد خطے کے اندر بے پناہ قدرتی وسائل موجود ہیں ،بیرونی سرمایہ کاری سے جہاں انڈسٹری کو فروغ ملے گا وہاں مقامی لوگوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع فراہم ہوں گے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید سرمایہ کاری میں دلچسپی لینے والے تارکین وطن کو بھرپور تحفظ فراہم کریں گے اور انکی بھر پور رہنمائی کریں گے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے برطانیہ کی معروف کاروباری شخصیت بابر زمان چوہدری اور قیصر زمان چوہدری کی جانب سے دی جانے والی استقبالیہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر کا شمار دنیا کی خوبصورت ترین ریاستوں میں ہوتا ہے جو قدرتی حسن سے مالا مال ہیں ۔ریاست جموں وکشمیر کے اندر ٹورسٹ انڈسٹری کو فروغ دے کر ریاست کو خوشحال بنایا جا سکتا ہے ۔تارکین وطن اگر سرمایہ کاری کریں تو مضافاتی علاقوں میں خوبصورت ترین و یو پوائنٹ ریسٹورنٹ و ہوٹل انڈسٹری کو فروغ دے کر ریاست کو خو شحال بنایا جا سکتاہے۔

برطانیہ میں بسنے والے کشمیری و پاکستانی تارکین ہمارے سفیر اور ماتھے کا جھومر ہیں ،تارکین وطن ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے برطانیہ کی تعمیر و ترقی میں نمایاں کردار اد ا کیا ہے، نوجوان نسل آ ج برطانیہ کے اندر ہر شعبہ میں کردار ادا کررہی ہے وہ سیاست ہو یا کاروبار تارکین وطن نے ہر جگہ اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ وہ وقت دور نہیں جب برطانیہ کا وزیر اعظم ایک کشمیری ہو گا ۔ تقریب میں چوہدری زمان،چوہدری گل حسین،چوہدری خلیل کلیال،چوہدری فاروق بھگور،چوہدری محمد ارشد اور پہلوان محمد راسب نے خصوصی شرکت کی۔