بھارت نے ولیج ڈیفنس کمیٹیوں کے ارکان کو جموں خطے میں مسلمانوں کے قتل کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے، ظفر اکبر بٹ

بدھ 23 دسمبر 2015 13:32

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 دسمبر۔2015ء) حریت رہنماء اور چیئرمین جموں وکشمیرسالویشن مومنٹ ظفر اکبر بٹ نے کہا کہ بھارت نے ولیج ڈیفنس کمیٹیوں کے ارکان کو جموں خطے میں بیگناہ مسلمانوں کے قتل کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے ۔ ظفر اکبر بٹ نے رابطہ عوام مہم کے تحت کرالہ پورہ، برزلہ باغات اور سرینگرکے دیگر مقامات پر شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں تحریک آزادی کے خلاف مکروہ بھارتی سازشوں سے آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی حمایت یافتہ ولیج ڈیفنس کمیٹیاں جموں وکشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کو دوام بخشنے کے لیے کام کر رہی ہیں جبکہ اس کیساتھ ساتھ یہ کمیٹیاں معاشرے کے مختلف طبقوں کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

(جاری ہے)

ظفراکبر بٹ نے کہا کہ سی ڈی کے ارکان نے چند برس قبل کشتواڑ میں ایک لڑکی کی آبرو ریزی کی تھی جبکہ اب ڈوڈہ میں ایک طالب علم کوقتل کیا گیا ۔

ظفر اکبر بٹ نے کمیٹیوں کو فوری طور پر تحلیل کرنے کا مطالبہ کیا۔ ظفر اکبر بٹ کے ہمراہ پارٹی کے دیگر رہنما اور کارکن بھی تھے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں مختار احمد وازہ، محمد مصدق عادل اورغلام نبی زکی نے بھی ویلیج ڈیفنس کمیٹی کے ارکان کے ہاتھوں نوجوان کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کمیٹیوں کو فوری طور پر معطل کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اے پی ایچ سی کے رہنماؤں نے رابط عوام مہم کے سلسلے میں بارہمولہ کے علاقے مرہ گنڈ میں لوگوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو ہرگز متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق، حق خود ارادیت کے حصول تک اپنی جد وجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔