ویلیج ڈیفنس کمیٹیوں کے ارکان جموں خطے میں مسلمانوں کے خلاف بھیانک جرائم میں ملوث ہیں، فورم سید علی گیلانی

جمعرات 24 دسمبر 2015 16:52

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔24دسمبر۔2015ء) مقبوضہ کشمیرمیں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی سرپرستی میں قائم فورم نے بھارتی فوج کی سرپرستی میں جموں خطے میں قائم ولیج ڈیفنس کمیٹیوں کو ایک سیاسی پارٹی کے ساتھ تشبیہ دینے اور انہیں تحلیل کرنے سے انکار کے بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنمانرمل سنگھ کے بیان پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وی ڈی سی کے ارکان بڑے پیمانے قتل، ڈکیتی اور ریپ جیسے خطرناک جرائم میں ملوث ہیں۔

کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فورم کے ترجمان ایاز اکبر نے سرینگر میں جاری بیان میں کہا کہ نرمل سنگھ کے بیان سے فورم کے اس موقف کی تصدیق ہوگئی ہے کہ کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ مفتی محمد سعید محض ایک شو بوائے ہیں اور مقبوضہ علاقے میں اصل حکمرانی بھارتیہ جنتا پارٹی کی ہے ۔

(جاری ہے)

ایازاکبر نے کہا کہ نرمل سنگھ نے وی ڈی سی فورس کو تحلیل کرنے سے یہ کہہ کر انکار کیا کہ کسی سیاسی پارٹی کا ایک رُکن کوئی غلط کام کرے تو اس پارٹی پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ایک بچگانہ اور مضحکہ خیز جواب ہے اور کوئی بھی ذی فہم شخص اس طرح کا غیر ذمہ دارانہ بیان نہیں دے سکتا ۔انہوں نے کہا کہ وی ڈی سی ایک مسلح فورس ہے، جس کے اہلکاروں کے خلاف اگرچہ قتل، ڈکیٹی اور ریپ کے صرف 196کیس باضابطہ طور پردرج ہیں، البتہ یہ اہلکار ہزاروں ایسے بھیانک جرائم میں ملوث ہیں جن کا کوئی سرکاری ریکارڈ نہیں بنا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ولیج ڈیفنس کیمٹیوں کو محض جموں کے مسلمانوں کو دبا کر رکھنے کی غرض سے بنایا گیا ہے اور اس فورس کا کنٹرول پہلے دن سے بھارت کی وزارت داخلہ کو سونپ دیا گیا تھا ۔ایاز اکبر نے انسانی حقوق کی مقامی اور عالمی تنظیموں سے پیل کی کہ وہ جموں خطے کے مسلمانوں کیخلاف وی ڈی سی کی ریشہ دوانیوں کا نوٹس لیتے ہوئے اس فورس پر پابندی لگوانے کے لیے کردار ادا کریں۔

متعلقہ عنوان :