مقبو ضہ کشمیر ، گزشتہ ما ہ 13جبکہ سال2015کے دوران 156کشمیری بھا رتی دہشتگردی کی بھینٹ چڑ ھ گئے

جمعہ جنوری 12:17

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔یکم جنوری۔2016ء)مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ دسمبرمیں ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران ایک خاتون اور بچے سمیت 13بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔سرینگر سے جاری کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی طرف سے گزشتہ ماہ پر امن مظاہرین پر طاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں126کشمیری شدید زخمی ہوئے جبکہ 235شہری ،جن میں اکثریت حریت رہنماؤں اور نوجوانوں کی تھی ,کو گرفتار کر لیا گیا ۔

بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ماہ ایک خاتون کی بے حرمتی کی ،5نوجوانوں کو دوران حراست لاپتہ جبکہ ایک رہائشی مکان تباہ کیا۔ادھر سال 2015 میں بھارتی فوجیوں نے 4خواتین اور13کم عمر لڑکوں سمیت 156بے گناہ کشمیریوں کو شہیدکیا جن میں سے 12افراد کو حراست کے دوران شہید کیاگیا۔

ان شہادتوں کے نتیجے میں 15خواتین بیوہ اور36بچے یتیم ہو ئے۔گزشتہ سال بھارتی قابض فوجیوں اور پولیس اہلکاروں نے گھروں پر چھاپوں ‘ کریک ڈاؤن ‘ فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ سے1844شہریوں کو زخمی اور4476 افراد کو گرفتارکیا جبکہ28رہائشی مکانات کو تباہ کیا۔

اس عرصے میں بھارتی فوجیوں نے 8کشمیریوں کو زیر حراست لاپتہ کیا اور38خواتین کی بے حرمتیاں کیں۔دریں اثناء بھارتی فوجیوں نے جنوری 1989سے31دسمبر2015تک 94,296بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا جن میں سے 7038کو جعلی مقابلوں یا حراست کے دوران شہید کیا گیا

Your Thoughts and Comments