پیپلزپارٹی کیخلاف سازشیں کرنیوالوں کی سیاست آخری ہچکولے کھا رہی ہے،سردار ضیاء القمر خان

پیر 11 جنوری 2016 15:00

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جنوری۔2016ء)پیپلز سٹوڈنٹس فیڈریشن کے مرکزی چےئرمین امیدوار قانون ساز اسمبلی حلقہ شرقی باغ سردار ضیاء القمر خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے خلاف سازشیں کرنے والوں کی سیاست آخری ہچکولے کھا رہی ہے آزادکشمیر کے سیاسی مسافرنشان عبرت بن چکے ہیں خطہ میں اس وقت پارٹی اور جمہوریت کیلئے قربانی دینے والے نظریاتی کارکنوں کی حکومت ہے سازشوں سے ہمیں کوئی ڈی ٹریک نہیں کر سکتاپارلیمانی جمہوری نظام کو کامیابی سے چلایا جارہا ہے وفاقی حکومت کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ قائم ہے تحریک آزادی کشمیر کے لیے آزادکشمیر کے تمام سیای جماعتوں کا ایک نکتہ پر اکھٹا ہونا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ کی حکومت نے66سالوں میں پہلی بار آر پار کی قیادت کو متحد کیا اور آر پار کی قیادت کی مشاورت سے ایسی حکمت عملی مرتب کررکھی ہے جس سے عالمی سطح پر بھارت پر مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے دباؤ بڑھے گاان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،سردار ضیاء القمر نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کو فوکس کر رکھا ہے آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی حکومت نے تعمیر وترقی کے لیے جس حکمت عملی سے کام جاری رکھا ہوا ہے اس سے عوام کے تمام خوابوں کو تعبیریں ملیں گی آزاد کشمیر میں پارٹی قیادت کے ویژن کو عملی جامہ پہنایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ چو ر دروازے سے اقتدار حاصل کرنے کاخواب دیکھنے والے اپنے عزائم کی تکمیل نہیں کرسکتے۔ پیپلزپارٹی کی حکومت خدمت خلق کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔اس ایجنڈے کو عملی جامہ پہنا کررہیں گے۔سیاسی بے روزگاروں کی الزام تراشیوں کو عوامی خوشحالی کے ایجنڈے کی رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔