پلوامہ میں دوہفتے قبل لاپتہ ہونے والے شخص کی لاش دریائے جہلم سے برآمد

پیر 18 جنوری 2016 14:24

سرینگر ۔ 18 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔18 جنوری۔2016ء) مقبوضہ کشمیر میں ضلع پلوامہ میں دو ہفتے قبل لاپتہ ہونے والے شخص غلام محمد حجام کی لاش اتوار کو ضلع کے علاقے چرسو میں دریائے جہلم سے برآمد ہوئی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پلوامہ کے علاقے ٹینگ پورہ سے تعلق رکھنے والا شخص غلام محمد حجام 3جنوری 2016 ء کولاپتہ ہوگیاتھا۔

غلام محمد کے لواحقین کا کہنا ہے کہ ان کو بھارتی پولیس نے شہداء کی یادگار نصب کرنے کی اجازت نہ دینے پر احتجاج کرنے والے مظاہرین کے خلاف کارروائی کے دوران گرفتار کرلیا تھا۔غلام محمد حجام کی پلوامہ میں باربر کی دکان تھی اور وہاں پر اس کے ہمسایہ دکانداروں کا کہناہے کہ 3جنوری کی صبح غلام محمددکان پر موجود تھے جس کے بعد ان کے گھر والوں کو کسی نے اطلاع دی کہ پولیس انہیں گرفتار کرکے لے گئی ہے۔

(جاری ہے)

اہل خانہ نے پولیس سے رابطہ کیا تو پولیس نے کہا کہ انہوں نے کئی نوجوانوں کو گرفتار کرلیا تھا جن کو چھوڑ دیا گیا ہے اور اس طرح پولیس نے غلام محمد کی گرفتاری سے ہی انکار کردیا۔ کل17جنوری کو لاپتہ ہونے والے غلام محمد کی لاش اونتی پورہ کے علاقے چرسو میں دریائے جہلم سے برآمد ہوئی۔ بھارتی فورسز کے ہاتھوں لاپتہ ہونے والے افراد کے والدین کی تنظیم ایسوسی ایشن آف پیرنٹس آف ڈس ایپئرڈ پرسنز(اے پی ڈی پی ) نے غلام محمد حجام کی گرفتاری اور قتل پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ تنظیم نے واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :