جب وزراء ریاست کی بجائے ذاتی اور گروہی مفاد کو ترجیح دیں تو ترقی کیسے ممکن ہے،راجہ فاروق حیدر

منگل 19 جنوری 2016 16:50

کوٹلی ((اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔19 جنوری۔2016ء)سابق وزیراعظم ، اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے صدر راجہ فاروق حیدر خان نے کوٹلی میں اضافی انتخابی حلقے کے قیام کی بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے یقین دلایاہے کہ حکومت اسمبلی اور کونسل کا جوائنٹ سیشن بلائے مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کوٹلی اضافی حلقے کے حق میں ووٹ دے گی۔ کوٹلی کی سیاسی پارٹیوں کا اپنے حقوق کے لیے بیدار ہونا لائق تحسین اقدام ہے۔

10لاکھ آباد ی کے ضلع کوٹلی کو اضافی حلقے سے محروم رکھنا بدترین زیادتی ہے۔ جب وزراء ریاست کے مفاد کی بجائے ذاتی اور گروہی مفاد کو ترجیح دیں تو ترقی کیسے ممکن ہے۔ کوٹلی اضافی حلقہ دیہی اور شہری آبادی کی بنیاد پرمظفرآباد طرز پر تقسیم ہونا چاہیے جس پرکسی کو اعتراض نہیں۔

(جاری ہے)

جب تک لوگ اپنے اجتماعی مفاد کے لیے متحد ہوکر احتجاج کا راستہ اختیار نہ کریں اس وقت تک وہ ہر جائز حق سے بھی محروم رہیں گے۔

ان خیالات کا اظہار راجہ فاروق حیدر خان نے گزشتہ روز ریسٹ ہاؤس کوٹلی میں آل پارٹیز حلقہ بناؤ تحریک کے کوآرڈینیٹر اور جماعت اسلامی کے امیر عبدالحمید چوہدری ایڈووکیٹ کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان خواجہ عطا محی الدین قادری ایڈووکیٹ، پیپلزپارٹی کے سابق امیدوار اسمبلی سردار آفتاب انجم ایڈووکیٹ، مسلم لیگ ن کے لیاقت حسین مغل ایڈووکیٹ، پی ٹی آئی کے صاحبزادہ سیّدمظہرحسینکاظمی ایڈووکیٹ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر نصیر احمد راٹھور ایڈووکیٹ، جے کے پی پی کے لیاقت حسین چوہدری ایڈووکیٹ، لبریشن فرنٹ کے دلشاد قریشی ، جماعت اسلامی کے سابق کونسلر چوہدری جمیل احمد، مسلم کانفرنس کے خالد مرزا، چوہدری ذوالفقار ایڈووکیٹ اوردیگر بھی شامل تھے۔

راجہ فاروق حیدر خان کی کوٹلی اضافی حلقہ تحریک کی بھرپور اور غیر مشروط حمایت پر وفد نے ان کا تہہ دل سے شکر اداکیا۔