جموں وکشمیر پیپلز فریڈم لیگ کا شہید محمد یوسف کو برسی پر خراج عقیدت،شہداء کے مشن کو مقصد کے حصول تک جاری رکھنے کا عزم

ہفتہ 23 جنوری 2016 15:17

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔23 جنوری۔2016ء)جموں کشمیر پیپلز فریڈم لیگ نے مجاہد کمانڈر محمد یوسف چوپان عرف نورالدین زنگی کو انکی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ تنظیم نے محمد یوسف و دیگر کشمیری شہدا ء کے مشن کو مقصد کے حصول تک جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پیپلز فریڈم لیگ کے زیر اہتمام بانڈی پور ہ میں شہید محمد یوسف کی قبر پر ایک دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا گیا جس میں تنظیم کے جنرل سیکرٹری محمد رمضان خان ، امتیاز احمد شاہ،ارشد عزیز ،ارشد احمد بٹ،گلزار احمد کھانڈے،غلام نبی کھانڈے،محمد یوسف،زبیر احمد کے علاوہ تنظیم کے دیگر رہنماؤں اور کارکنوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔

اس موقع پر مقررین نے کہا کہ تحریک آزادی کیلئے محمد یوسف شہید کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں کشمیریوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔ محمد رمضان نے اپنے خطاب میں کہا کہ محمدیوسف چوپان تحریک آزادی کے صف اول کے کمانڈروں میں سے تھے جنہیں بھارتی فوجیوں نے 2000میں ایک معرکے کے دوران شہید کیا تھا۔حریت رہنماء فردوس احمد شاہ نے بھی شہید محمد یوسف چوپان کو انکی شہادت کی برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیری اپنے عظیم شہداء کے مقدس لہو کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دینگے۔