مظفرآباد ‘بجلی بحران کے خاتمہ کیلئے تاجر اتحاد کی کال ڈرامہ ثابت ہو ئی ‘شہزاد اعوان

ہفتہ 6 فروری 2016 14:39

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 فروری۔2016ء)آل مظفرآباد موٹر سائیکل ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر شہزاد اعوان نے کہا ہے کہ بجلی بحران کے خاتمہ کیلئے تاجر اتحاد کی کال ڈرامہ ثابت ہو ئی ہے ‘ تاجر قیادت کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ہم نے پہلے ہی ایسی کا ل کی نہ ہی حمایت کی تھی اور نہ ہی اس کو درست سمجھتے تھے کیونکہ 5فروری مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ یوم یکجہتی کا دن تھا اس دن بھارتی ظلم و ستم کا شکار کشمیری عوام کے ساتھ پاکستانی قوم نے اظہار یکجہتی کرنا ہوتا ہے 5فروری کے دن ہڑتال کی کال دینا کسی صورت عقلمندی نہیں تھی ۔

5فروری کو پاکستان کے وزیراعظم نے بیس کیمپ آکر اظہار یکجہتی کر کے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں نئی روح پھونک دی ہے ‘ بھارت کشمیر سے نکل جائے اسی میں اس کی بقاء ہے ورنہ اس کے ٹکڑے ٹکڑ ہو جائیں ہیں ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔شہزاد اعوان نے کہا کہ ہم 5فروری کے دن ہڑتال کی کال دینے کے مخالف تھے ہماری بات سچ ثابت ہوئی ‘بعض نام نہا د تاجر لیڈران نے ہڑتال کی کال دے کر تاجروں کی سخت سبکی کی ہے اور تاجر برادری کی جگ ہنسائی کا باعث بنے ہیں ‘ جب ہڑتال کرنی نہیں تھی تو کال دینے کی کیا ضرورت تھی ‘ 5فروری کے قومی دن کے موقع پر ہڑتال کی کال دینا کسی طرح بھی درست نہ تھی ۔

تاجربرادری اس نام نہاد تاجر اتحاد کو یکسر مسترد کرتی ہے ‘ انہو ں نے کہا کہ اگر ان تاجروں میں بجلی بحران حل کرنے میں سنجیدگی ہوتی تو وہ پانچ فروری سے پہلے کوئی دن ہڑتال کیلئے مقرر کرتے تاجر برادری کی عزت و وقار کو نام نہاد لوگوں نے خاک میں ملادیا ہے جس کی ہم بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں ‘ ضلعی انتظامیہ کے آفیسران کے آگے گھٹنے ٹیک دینے والے تاجروں کو ذلیل و رسوا کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مظفرآباد کے تاجر باشعور ہیں اور وہ کھرے کھوٹے کی پہچان رکھتے ہیں آئندہ ہم کسی نا م نہاد تاجر اتحاد کا نہ تو حصہ بنیں گے اور نہ ہی تاجروں کی عزت نفس کو مجروح کرنے کا کسی کواختیار دیں گے اور جلد ہی اس بارے میں مشاور ت کر کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔